1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنگ خان کا بیٹا آرین منشیات کیس میں گرفتار

جاوید اختر، نئی دہلی
4 اکتوبر 2021

ممبئی میں ایک کروز پر 'ریو پارٹی‘ کے دوران منشیات استعمال کرنے کے الزام میں بالی وڈ ادکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سمیت آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اتوار کی رات ان کو پولیس ریمانڈ میں گزارنی پڑی۔

https://p.dw.com/p/41E9o
Großbritannien Drogenszene London
تصویر: Getty Images/J. Taylor

بھارت میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی)کا دعوی ہے کہ اس نے ممبئی کے ساحل دور سمندر میں ایک کروز (بحری جہاز) پرچھاپہ مار کر وہاں ہونے والی ریو پارٹی کے دوران غیر قانونی طور پر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا۔ ان میں بالی وڈ اداکار شا ہ رخ خان کے بیٹے 23 سالہ آرین خان بھی شامل تھے۔ آرین کو پیر 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

آرین کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے پاس سے کسی طرح کی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے،''آرین نے ریو پارٹی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں لیا تھا، ان کے نام پرکروز میں کوئی کیبن یا سیٹ ریزرو نہیں تھی۔ وہ کروز پر صرف اس لیے موجود تھے کیونکہ انہیں مدعو کیا گیا تھا۔ ان کے پاس بورڈنگ پاس بھی نہیں تھا اور ان کے پاس سے کچھ بھی نہیں ملا ہے۔ انہیں صرف بات چیت کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔"

این سی بی کا دعوی ہے کہ اس کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں کہ منشیات کے تانے بانے بالی وڈ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔

13گرام کوکین، 21 گرام چرس

این سی بی کے سربراہ ایس این پردھان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”ہم نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں اس کیس میں بالی وڈ سے بھی کچھ تانے بانے ملے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ منشیات رکھنے کے الزام میں  آٹھ لوگوں کوحراست میں لیا گیا تھا۔ تین لوگوں کو مزید پوچھ گچھ کے لیے ریمانڈ میں لیا گیا اور ان سے حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مزید پوچھ گچھ کی جائے گی اور چھاپے مارے جا ئیں گے۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں خودکُشیوں کا بڑھتا رجحان

این سی بی نے دعوی کیا کہ تلاشی کے دوران 13 گرام کوکین،21 گرا م چرس ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیا ں اور 5 گرام ایم ڈی برآمد کی گئیں۔

Shah Rukh Khan Familienfoto Archiv 2013
شاہ رخ خان، اہلیہ گوری خان، بیٹی سہانا اور بیٹے آرین خان کی ایک پرانی تصویرتصویر: Strdel/AFP/Getty Images

شاہ رخ خان کے ساتھ بالی وڈ کا اظہار یکجہتی

آرین خان کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی بالی وڈ کے متعدد اداکاروں اور اہم شخصیات نے شاہ رخ خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ فلم اداکار سلمان خان شاہ رخ خان کے گھر'منّت‘ پر ان سے ملاقات کے لیے پہنچے۔

اداکارہ پوجا بھٹ نے ایک ٹوئٹ کرکے کہا،”میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔ حالانکہ آپ کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن میں آپ کے ساتھ ہوں۔ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔"

سوشانت سنگھ کی موت: بالی ووڈ کا تاریک پہلو عیاں

ادکارہ اور گلوکارہ سچیتا کرشنا مورتی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا،”فلمی ستاروں پر این سی بی کے چھاپے کے بعد جو لوگ بالی وڈ کونشانہ بنا رہے ہیں انہیں جان لینا چاہیے کہ کچھ بھی نہیں ملا ہے اور کچھ ثابت نہیں ہوگا۔ بالی وڈ میں شہرت کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔"

سیاسی رخ اختیار کرتا ہوا

مہاراشٹر میں حکمراں حلیف جماعت کانگریس نے کروز پر چھاپہ اور اس کے بعد کے واقعات کو گجرات کے مندرا بندرگاہ پر ہزاروں کلو گرام منشیات ضبط کیے جانے کے 'اصل مسئلے‘ سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔

کانگریس کے قومی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد کا کہنا تھا،”این سی بی چھوٹی مچھلیوں کو گرفتار کرنے میں کافی تیزی دکھاتی ہے لیکن جب تین ہزار کلوگرام ہیروئن اسمگل کرنے کے معاملے میں اڈانی جیسی بڑی مچھلیوں کا نام آتا ہے تو منہ بند کرلیتی ہے۔ این سی بی منشیات کے منظم دھندے کے اصل سرغنہ کو کیوں بچا رہی ہے اور کس کے حکم پر۔"

بالی ووڈ کے آئی ایس آئی کے ساتھ تعلقات، بی جے پی رہنما کا دعوی

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے حکام نے گجرات کے مندرا بندرگاہ پر تقریباً 3000 کلوگرام ہیروئن کے علاوہ 37 کلوگرام کوکین اور دیگر منشیات بھی ضبط کی گئی تھی۔ اس بندرگاہ کا انتظام و انصرام وزیر اعظم مودی کے قریبی سمجھے جانے والے تاجر گوتم اڈانی کی کمپنی اڈانی گروپ کے پاس ہے۔

Indien Bollywood Schauspielerin Rhea Chakraborty befragt zu Tod von Sushant Singh Rajput
اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملہ پر منشیات کے استعمال کےسلسلے میں این سی بی نے اداکارہ ریا چکروتی ہسے پوچھ گچھ کی تھیتصویر: picture-alliance/NurPhoto/H. Bhatt

بالی وڈ کا منشیات سے رشتہ بڑا پرانا ہے

گزشتہ برس جب اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا تھا تو بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی بات بھی سامنے آئی تھی۔ این سی بی نے اس سلسلے میں اداکارہ ریا چکروتی، دیپیکا پاڈوکون، راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمون کھمباٹا وغیرہ سے پوچھ گچھ کی تھی۔

بھارتی پارلیمان کی رکن، سابق اداکارہ اور امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن نے اس وقت کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پوری صنعت کی شبیہ خراب ہو سکتی ہے۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ بالی وڈ میں 99 فیصد افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں لیکن اداکارہ روینا ٹنڈن نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا،”ایک ٹوکری میں اگر چند انڈے گندے ہوں تو سب کو گندا نہیں کہا جا سکتا ہے۔"

انکم ٹیکس ادا کرنے کے لیے میرے پاس پیسے نہیں ہیں، کنگنا رنوت

بالی وڈ میں منشیات کے بڑے پیمانے پر استعمال کے الزامات نئے نہیں ہیں البتہ اب تک باضابطہ کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔حالانکہ ماضی میں کئی فلمی ستاروں کو جیل بھی جانا پڑا ہے۔ ان میں سب سے اہم نام سنجے دت کا ہے۔ سنجے دت کو منشیات کی لت سے نجات دلانے کے لیے ان کے والد سنیل دت نے طبی امداد بھی حاصل کی تھی اور 'سنجو‘ کے نام سے اس موضو ع پر ایک فلم بھی بنائی تھی۔

راج ببر اور سمیتا پاٹل کے بیٹے پرتیک ببر نے بھی قبول کیا تھا کہ انہوں نے نوعمری سے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا۔ فیروز خان کے بیٹے فردین خان، اداکار سنجے خان کے داماد ڈی جے عقیل،اداکارہ وجے راج پر بھی منشیات استعمال کرنے کے الزامات عائد ہو چکے ہیں۔