باکسنگ رنگ سے چھلانگ سیاست کے میدان میں
26 اپریل 2010کھیلوں اور خاص طور پر باکسنگ میں دلچسپی رکھنے والے افراد ولادی میرکلِچکوکے نام سے ضرور واقف ہوں گے۔ 38 سالہ کلِچکُو ہیوی ویٹ باکسنگ کیٹیگری کے عالمی چیمپیئن ہیں۔
یوکرائن سے تعلق رکھنے والے اس باکسر نے اب باکسنگ رنگ سے سیاست کے میدان کا رخ کر لیا ہے اوران کا مقصد یوکرائن کی سیاسی نظام میں اصلاحات کو ناک آؤٹ پنچ کے ذریعے متعارف کرانا ہے۔
ڈیموکریٹک الائنس نامی سیاسی اتحاد کا گزشتہ ویک اینڈ پر ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں متفقہ طورپر کلِچکُو کو پارٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا۔ یوکرائن کے دارالحکومت میں ہونے والے اس اجلاس کے بعد ولادی میر کلِچکو نے کہا کہ وہ ملکی عوام اور خوائص کے درمیان کھڑی دیوار کو گرانا چاہتے ہیں۔ باکسنگ کے عالمی چیمپیئن نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کا مقصد نوجوانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پرمتحد کرنا ہے۔ ان کے اتحاد کا نام Ukraine Democratic Alliance for Reforms یاUDAR ہے۔ Udar کو روسی زبان میں طاقت کے اظہار کو کہتے ہیں یعنی ’مکا دکھانا‘۔
ولادی میرکِلچکوکے مطابق ماضی میں سیاست دانوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے قابل نہیں ہیں۔’’یوکرائن کو ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے اور صرف ایک نئی نسل ہی ملک کی قسمت بدل سکتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یوکرائن میں اس وقت بہت سے ایسے ہونہاراور قابل نوجوان ہیں، جو یورپ جانا چاہتے ہیں اوران کی جماعت کا مقصد ہے کہ ایسے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اپنے ہی ملک کے لئے استعمال کیا جائے۔
سن 2008ء میں یوکرائن کے دارالحکومت کی ایو میں بلدیاتی انتخابات میں UDAR کے ستر نمائندے منتخب ہوئے تھے۔ اس طرح یہ اتحاد ان انتخابات میں تیسری بڑی قوت بن کر سامنے آیا تھا۔
کھیل کے شعبے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے کلچکو 2006ء سے کی ایو کی بلدیاتی کونسل کے رکن ہیں۔ یوکرائن میں کل 176 رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: گوہر نذیر گیلانی