برلن فلمی میلے کا آ غاز
10 فروری 2011یہ فلم ایک ایسی نوجوان لڑکی کے بارے میں ہے، جو اپنےوالد کے قتل کا بدلہ لینے کا تہیہ کیے ہوتی ہے۔ آسکر انعام یافتہ ڈائریکٹرز جوئل کوئن اور ایتھن کوئن کی اس فلم کے ساتھ اس سال کے اکیڈمی ایوارڈز کا مقابلہ بھی برلن کے اس فلمی میلے تک پہنچ گیا ہے۔ امریکہ میں ہالی وڈ کی فلمی صنعت کے آسکر یا اکیڈمی ایوارڈز کا اعلان اسی مہینے لاس اینجلس میں کیا جائے گا۔اس فلم کا نام True Grit ہے اور اس کے اہم کرداروں میں جیف برجز، میٹ ڈیمن اور جوش برولن شامل ہیں۔
پہلی مرتبہ یہ فلم ساٹھ کی دہائی میں بنائی گئی تھی۔ اب اس ری میک کو اس سال مجموعی طور پر دس شعبوں میں آسکر انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
کوئن برادران نے اپنی کسی فلم کے ساتھ برلن کے بین الاقوامی فلمی میلے برلینالے میں پچھلی مرتبہ شرکت تیرہ برس قبل کی تھی۔ اس فلم کا نامThe Big Lebowski تھا۔ برلن کا فلمی میلہ برلینالے دس روز تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران سخت سردی میں جرمن دارالحکومت مسلسل فلمی دنیا کے ستاروں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔
اس سال کے برلینالے میں True Grit کے مرکزی کرداروں کے علاوہ پاپ موسیقی کی مشہور امریکی گلوکارہ میڈونا، برطانوی اداکارہ وینیسا ریڈگریو اور ہالی وڈ کے مشہور اداکار کیون اسپیسی بھی شامل ہوں گے۔ ان شخصیات کے علاوہ اس فلمی میلے میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی گئی مشہور امریکی اداکارہ گیبوری سیڈیبے کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اس سال کے برلینالے فلم فیسٹیول میں مشہور برطانوی اداکار کولن فرتھ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے برطانوی بادشاہ جارج ششم پر بننے والی بہت کامیاب فلمThe King's Speech میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ انہیں اس کردار کی وجہ سے آسکر انعام کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ اس فلم میں جارج ششم کو، جو ہکلاتے تھے، اپنی گفتگو میں اس خامی کے خلاف لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
لندن میں پیدا ہونے والے ڈائریکٹر ٹام ہوپر کی بنائی ہوئی یہ فلم دی کنگز اسپیچ امریکہ میں بارہ آسکر انعامات کے لیے نامزد کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرو گرٹ اور دی کنگز اسپیچ میں سے کوئی ایک بھی فلم برلینالے کے اصل فلمی مقابلے کے لیے منتخب نہیں کی گئی۔ فلمی ماہرین کو امید ہے کہ یہ دونوں فلمیں اور دی سوشل نیٹ ورک نامی فلم اس سال سب سے زیادہ آسکر انعام حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گی۔ برلن فلمی میلے میں دکھائی جانے والی یا انعام پانے والی فلمیں زیادہ تر کسی نہ کسی اہم سیاسی یا سماجی موضوع کے بارے میں ہوتی ہیں۔
اس لیے وہ ان فلموں سے عام طور پر مختلف ہوتی ہیں، جنہیں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔اس سال کا برلینالے اپنی نوعیت کا 61 واں فلمی میلہ ہے۔ اس کئی روزہ فیسٹیول میں اٹھاون ملکوں سے آنے والی چار سو کے قریب فلمیں دکھائی جائیں گی۔ حالیہ برسوں میں روم، ابوظہبی، دوحہ، دبئی، مراکش اور ٹورنٹو میں ہونے والے فلمی میلوں کو بھی زیادہ سے زیادہ اہمیت حاصل ہوتی جا رہی ہے۔ اس لیے برلن کے اس سالانہ فلمی میلے کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ سخت مقابلے کا سامنا ہے۔دو ہزار گیارہ کے برلینالے کی سات رکنی جیوری کی سربراہی اٹلی میں پیدا ہونے والی مشہور اداکارہ ازابیلا روسیلینی کر رہی ہیں۔ اس جیوری کو اس میلے کے اعلیٰ ترین اعزاز کے لیے فلم کا انتخاب کرنا ہے۔ برلینالے فلم فیسٹیول کا اہم ترین ایوارڈ گولڈن بیئرGolden Bear کہلاتا ہے۔ اس سال اس اعزاز کے لیے مقابلے میں شامل فلموں کی تعداد سولہ ہے۔
اس جیوری کے ارکان میں ایرانی ہدایت کار جعفر پناہی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ لیکن اس کا امکان کم ہے کہ وہ اس میلے کے لیے برلن آ سکیں گے۔ اس میلے میں جعفر پناہی کی کئی فلموں کے علاوہ کم از کم چار دیگر ایرانی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: امجد علی