1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن فلم فیسٹول: نام گرامی فنکاروں کی آمد

3 فروری 2012

باسٹھواں برلن فلم فیسٹول شروع ہونے میں تقریباً ایک ہفتہ رہ گیا ہے۔ دس روزہ فلم فیسٹول کے دوران جرمن دارالحکومت میں کئی نامی گرامی اور معروف اداکار شدید سردی کو اپنی موجودگی سے گرمائیں گے۔

https://p.dw.com/p/13w8O
تصویر: Berlinale

برلینالے کے منتظمین کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت میں اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹول کے موقع پر کئی مقبول و معروف فنکار اور فنکارائیں اور فلمی شخصیات ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوں گی۔ ان میں بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان بھی شامل ہیں۔ برلن فلم فیسٹول کے دوران ان کی فلم ڈان ٹو بھی کئی جرمن شہروں کے سینما گھروں پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ ڈان ٹو کی عکس بندی برلن شہر میں کی گئی تھی۔ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈان ٹو کی ہیروئن پریانکا چوپڑا بھی برلن پہنچیں گی۔ بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ سے یقینی طور پر کئی اور فنکاروں کے علاوہ تکنیکی افراد بھی اس فیسٹول میں شریک ہوں گے۔

Flash-Galerie The Tourist
انجلینا جولی اور جونی ڈیپتصویر: kinowelt

امریکی فلم انڈسٹری ہالی ووڈ سے انجلینا جولی بھی برلن پہنچ رہی ہیں۔ قوی امکان ہے کہ انجلینا جولی کے ہمراہ ان کے شوہر بریڈ پِٹ بھی برلن آئیں گے۔ ٹوائلائٹ فلم سیریز سے شہرت پانے والے رابرٹ پیٹن سن (Robert Pattinson) بھی اس بار برلن فلمی میلے کے دوران موجود ہوں گے۔ نامور اداکارہ میریل اسٹریپ بھی برلن یقینی طور پر آ رہی ہیں کیونکہ اس مرتبہ ان کو برلن فلم فیسٹول میں لائف ٹائم ایچیومنٹ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

خوبرو میکسیکن نژاد امریکی اداکارہ سلمیٰ ہائیک کی جرمن دارالحکومت پہنچنے کی بھی نوید ہے۔ ہائیک کے علاوہ ایک اور امریکی اداکارہ اُوما تھرمین بھی اس مرتبہ برلن فلمی میلے کا حصہ بن رہی ہیں۔ سن 1937 میں چینی شہر نان جنگ پر جاپانی جبر و ستم کے موضوع پر مبنی فلم دی فلاور آف وارز میں زوردار کردارنگاری کرنے والے برطانوی اداکار کرسچیئن بیل بھی برلینالے میں شریک ہونے والوں اداکاروں میں شامل ہیں۔

Flash-Galerie Cannes Filmfestival 2011 Salma Hayek
سلمیٰ ہائیکتصویر: AP

اینگلو فرنچ اداکارہ و گلوکارہ شارلٹ گینز بور (Charlotte Gainsbourg)کی برلن آمد اس لیے یقینی ہے کہ وہ دس روزہ فلمی میلے کی جیوری کی ایک رکن ہیں۔ برلن میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹول میں مقابلے میں کل اٹھارہ فلمیں شامل ہیں۔ ان کے لیے آٹھ رکنی جیوری تشکیل دی گئی ہے۔ جیوری کے سربراہ برطانوی ہدایتکار مائیک لے (Mike Leigh) ہیں۔ ہالی ووڈ کے اداکار جیک یلِن ہُولی ہَے (Jake Gyllenhaal) بھی جیوری کا حصہ ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان