’برینجلینا‘ کا عروج و زوال
گزشتہ دس برسوں سے انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کو ہالی وُڈ کی سب سے طاقتور اور خوبصورت ترین جوڑی تصور کیا جاتا تھا۔ ان کی محبت کے آغاز سے اچانک اختتام تک کی کہانی پر ایک نظر۔
’’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘‘ کے سیٹ پر محبت کا آغاز
جولی اور پٹ میں محبت کا آغاز سن دو ہزار چار میں بنائی جانے والی کامیڈی اور ایکشن فلم ’’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘‘ کے سیٹ پر ہوا۔ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی دونوں کی محبت کی خبریں منظر عام پر آنا شروع ہو گئی تھیں لیکن اس وقت تک پٹ اداکارہ جینیفر اینسٹن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندے ہوئے تھے۔
’برینجلینا‘ کی بڑی فیملی
ہالی وُڈ اسٹار بریڈ پٹ کے ساتھ جولی کے چھ بچے ہیں۔ ان میں سے تین کو انہوں نے گود لیا ہے۔ جولی کے ہاں پہلی بیٹی سن دو ہزار چھ میں پیدا ہوئی جبکہ سن دو ہزار آٹھ میں جولی کے ہاں جڑواں بچے پیدا ہوئے۔
جولی اور پٹ کا محل
جولی اور پٹ سن دو ہزار آٹھ میں ’شیتو میروال‘ میں منتقل ہو گئے۔ یہ علاقہ فرانس کے جنوب میں واقع ہے اور اعلیٰ معیار کی وائن کے لیے مشہور ہے۔ بعد ازاں اس جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب بھی اسی گھر میں منعقد کی۔
شادی میں تاخیر
سن دو ہزار چھ میں اپنے ایک انٹرویو میں پٹ کا کہنا تھا کہ وہ اور جولی ’اس وقت تک باقاعدہ شادی نہیں کریں گے، جب تک امریکا میں ہر وہ شخص قانونی طور پر شادی کے قابل نہیں ہو جاتا، جو شادی کرنا چاہتا ہے۔‘‘ امریکا میں ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت کہیں سن دو ہزار پندرہ میں ملی۔
فلاحی کاموں میں حصہ لینے والا جوڑا
پٹ اور جولی نے ایک امدادی تنظیم کی بنیاد رکھی اور فلاحی کام کرنے والی تنظیموں کا ساتھ دینا شروع کر دیا۔ اس جوڑے نے لاکھوں ڈالر عطیے میں دیے۔ سن دو ہزار بارہ میں اقوام متحدہ نے جولی کو مہاجرین کے لیے خصوصی مندوب نامزد کر دیا۔
ایک حیران کن فیصلہ
سن دو ہزار تیرہ میں انجلینا جولی نے یہ انکشاف کیا کہ انہوں نے رحم کے کینسر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر اپنی بیضہ دانی اور بیض کی نالیاں نکلوا دی ہیں۔ انہوں نے چھاتی کے کینسر سے بچنے کے لیے دیگر خواتین کو بھی ایسا کرنے کا کہا۔
فرانس میں شادی
آخر کار سن دو ہزار چودہ میں پٹ اور جولی نے فرانس کے جنوب میں واقع اپنے گھر پر شادی کی۔ بچوں نے اپنی ماں جولی کی شادی کا جوڑا تیار کرنے میں مدد کی۔ ان بچوں نے اپنے والدین کی شادی کی باقی تقریبات میں بھی بھرپور حصہ لیا۔
آخری فلم
سن دو ہزار پندرہ میں امریکی سپر اسٹار انجلینا جولی نے اپنی نئی فلم ’سمندر کنارے‘ میں ایک شادی شدہ جوڑے کے مسائل کو موضوع بنایا۔ اس فلم میں وہ اپنے حقیقی شوہر بریڈ پِٹ کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔ اب ستمبر میں جولی نے پٹ سے طلاق لینے کے لیے درخواست دے دی ہے۔