بلقان میں بدترین سیلاب نے دبی بارودی سرنگیں ہِلا دیں
19 مئی 2014سربیا اور بوسنیا میں وسیع رقبہ زیر آب آیا ہے جبکہ مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ کم از کم 44 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سیلابی ریلوں کے ساتھ بلقان میں 1990ء کی دہائی کی جنگ میں بچھائی گئی ہزاروں بارودی سرنگیں زیادہ وسیع علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔ ہتھیاروں سے متعلق انتباہی علامتیں بھی بہہ کر دوسرے علاقوں میں جا پہنچی ہیں۔
بلقان کے اس بدترین سیلاب کے نتیجےمیں ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ بیشتر علاقوں میں لوگوں نے اپنے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر جان بچائی جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔ اتوار 18 مئی کو بعض علاقوں میں سیلابی پانی نیچے بھی گیا۔ دوسری جانب حکام نے خبردار کیا کہ بعض علاقوں میں اتوار کی رات بھی پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔
سربیا کا مرکزی پاور پلانٹ بھی سیلاب کی زد میں ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ پاور پلانٹ دارالحکومت بلغراد کے بیشتر علاقوں سمیت ملک کے ایک تہائی حصے کو بجلی فراہم کرتا ہے۔
خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سربیا میں آئندہ کئی روز تک سیلابی پانی کی سطح بلند رہ سکتی ہے۔ سربیا کے وزیر اعظم الیگزانڈر ووچچ نے اتوار کو بتایا کہ سربیا کے سب سے بڑے پاور پلانٹ نکولا ٹیسلا کے مقام اوبرینوواچ سے اب تک بارہ لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
اس پلانٹ کے بعض حصے اور اسے ایندھن فراہم کرنے والے قریبی کوئلے کی ایک کان زیر آب آ چکی ہے۔
سربیا کی سرکاری پاور کمپنی ای پی ایس کے مطابق اس کا عملہ پلانٹ کو مزید نقصان سے بچانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ قریبی کان کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ بھی ایک سو ملین یورو لگایا گیا ہے۔
خطے میں تین دِن میں تین ماہ کے برابر بارش ہو چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیلاب کی گزشتہ 120 برس میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ وہاں بارش کی پیمائش اسی وقت شروع ہوئی تھی۔ بوسنیا کے وزیر برائے مہاجرین عادل عثمانووچ کا کہنا ہے: ’’صورتِ حال تباہ کُن ہے۔‘‘
بارشوں کے نتیجے میں تقریباﹰ دو ہزار ایک سو مٹی کے تودے گرے ہیں۔ بوسنیا کے پہلاڑی علاقوں میں ان تودوں کی زد میں سڑکیں، گھر اور پورے کے پورے دیہات آئے ہیں۔