1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلیک بیری کا ٹیبلٹ کمپیوٹر بلیک پیڈ اگلے ہفتے

27 ستمبر 2010

بلیک بیری فون تیار کرنے والی کینیڈین کمپنی RIM اگلے ہفتے ایک ٹیبلٹ کمپیوٹر بلیک پیڈ متعارف کروا رہی ہے، جو وال سٹریٹ جرنل اور ٹیکنالوجی سے متعلق ایک ویب سائٹ ZDNet کے مطابق کاروباری افراد کے لئے دلچسپی کا حامل ہو گا۔

https://p.dw.com/p/PMxT
سمارٹ فون بلیک بیریتصویر: dpa

توقع کی جارہی ہے کہ یہ جدید کمپیوٹر اگلے ہفتے RIM ڈیویلپر کانفرنس کے موقع پر متعارف کرایا جائے گا۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ نیا کمپیوٹر نہ صرف سام سنگ، Dell اور موٹرولا جیسی کمپنیوں کی طرف سے تیار کردہ ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے لئے بلکہ ایپل کمپنی کے حالیہ متعارف کرائے جانے والے آئی پیڈ کے لئے بھی ایک اہم مدمقابل ثابت ہوگا۔

چونکہ بلیک بیری سمارٹ فون زیادہ تر بزنس ایگزیکٹوز میں بہت مقبول ہے، اس لئے امید کی جا رہی ہے کہ بلیک پیڈ بھی ان ایگزیکٹوز میں ضرور پذیرائی حاصل کر لے گا کیونکہ بلیک بیری کی طرح اس میں بھی ایک بالکل ہی مختلف آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا جائے گا۔

iPad
خیال کیا جا رہا ہے کہ بلیک پیڈ ایپل کے آئی پیڈ کے لئے ایک مضبوط حریف ثابت ہو گاتصویر: AP

گوکہ معروف کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کے تیار کردہ آئی فون اور آئی پیڈ کو دنیا بھر میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی ہے تاہم یہ کاروباری شخصیات میں زیادہ مقبول نہیں ہو پایا، جس کی ایک وجہ ایپل کی طرف سے اپنی مصنوعات پر سخت کنٹرول کی پالیسی ہے، جو وہ آپریٹنگ سسٹم اور دیگر سوفٹ ویئر کے حوالے سے رکھتی ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق بلیک پیڈ رواں برس کے اختتام تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگا اور اس کے اہم فیچرز میں سات انچ کی سکرین کے علاوہ پیڈ کے دونوں جانب لگے کیمرے اور کسی بلیک بیری فون سیٹ کے قریب ہونے کی صورت میں انٹرنیٹ سے منسلک ہوجانے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔

اس میں بلوٹوتھ اور وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ جبکہ اس میں استعمال کیا جانے والا نیا سوفٹ ویئر QNX سوفٹ ویئر سسٹمز کی جانب سے تیار کیا گیا ہے، جو کہ RIM نے رواں برس اپریل میں دو سو ملین ڈالرز کے عوض خریدی تھی۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عدنان اسحاق