بنگلہ دیش ميں مذہبی اجتماع کے مقام پر مخالف گروپوں ميں تصادم
18 دسمبر 2024جنوبی ایشیا کی مسلم ریاست بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے نزدیک ایک مقام پر ہر سال تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع کا انعقاد ہوتا ہے جسے دنیا کے بہت بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ اجتماع جس ميدان ميں ہوتا ہے، وہاں دو گروپوں کے مابین جھڑپیں بُدھ اٹھارہ دسمبر کی صبح اُس وقت شروع ہوئیں جب بنگلہ دیش کے اسکالر مولانا جبیر احمد کے حامیوں نے بھارتی اسکالر محمد سعد کاندھلوی کے حامیوں کو ميدان میں داخل ہونے سے روکا۔
بنگلہ دیش: شدت پسندوں کی دھمکیوں کے بعد 'رواداری' میلہ منسوخ
ایک پولیس آفیسر حبیب اسکندر نے عينی شاہدين کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متصادم گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد لاٹھیوں اور اینٹوں سے مسلح تھے۔ مسلح جھڑپوں کا سلسلہ 30 منٹ سے زیادہ وقت تک جاری رہا اوراُس کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مداخلت کی۔ پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ ان مسلح جھڑپوں میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔
دونوں گروپوں میں اختلاف کیا ہے؟
متصادم گروپوں میں نظریاتی بنیادوں پر تقسیم کشیدگی کا باعث بنی۔ حالیہ برسوں میں عالم دین جبیر احمد کے حامیوں نے تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے پڑپوتے سعد کاندھولی پر الزام لگایا تھا کہ وہ اسلامی تعلیمات کی غلط تشریح کرتے ہیں۔
بنگلہ دیشی قوم مذہبی اتحاد قائم رکھے، محمد یونس کی اپیل
تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع کی تاریخ
تبلیغی جماعت کے اس سالانہ اجتماع کے انعقاد کا سلسلہ سن 1976 ء سے شروع ہوا۔ اس سلسلے کی سالانہ تقریبات میں عام طور سے سیاسی مباحثوں سے گریز کیا جاتا ہے۔ مسلمانوں کے اس بڑے اجتماع میں اسلامی اسکالرز خصوصی دعاؤں، مراقبے اور لیکچرز وغیرہ کا اہتمام کرتے ہیں۔ یہ تین روزہ اجتماع ہوتا ہے جس کے پہلے مرحلے کو بسوا اجتماع کہا جاتا ہے جو 31 جنوری سے 2 فروری تک جاری رہتا ہے۔ جس کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز 7 فروری سے ہوتا ہے اور یہ 9 فروری کو اختتام کو پہنچتا ہے۔
بنگلہ دیش میں مذہبی کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے؟
بنگلہ دیش میں ہر سال تبلیغی جماعت کے اس مخصوص اجتماع میں ہزاروں مسلمان ڈھاکہ سے شمال کی طرف 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ٹونگی کے مقام پر واقع ایک میدان میں جمع ہوتے ہیں۔ تبلیغی جماعت کے اس اجتماع کو سعودی عرب میں حج کے موقع پر اور عراق میں محرم الحرام کے بعد اربعین کے لیے زیارتوں پر پہنچنے والے مسلمانوں کے اجتماع کے بعد مسلمانوں کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام بنگلہ دیش کا سب سے بڑا مذہب ہے۔ بنگلہ دیش مسلم آبادی کے لحاظ سے انڈونیشا، پاکستان اور بھارت کے بعد چوتھا بڑا ملک ہے۔
ک م/ ع س(ڈی پی اے)