1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ: رضوان اور سعود کی سینچریاں

22 اگست 2024

پاکستان کی پہلی اننگز میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچریاں بنائیں۔ مہمان بنگلہ دیش کو پاکستان کے اسکور تک پہنچنے کے لیے ابھی 421 رنز درکار ہیں۔

https://p.dw.com/p/4jnGg
محمد رضوان اور سعود شکیل بنگلہ دیش کے خلاف نصف سینچریاں بنانے کے بعد جشن مناتے ہوئے
محمد رضوان اور سعود شکیل بنگلہ دیش کے خلاف نصف سینچریاں بنانے کے بعد جشن مناتے ہوئےتصویر: FAROOQ NAEEM/AFP/Getty Images

بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے پہلے میچ کے دوسرے روز جمعرات کو 448 رنز کا بڑا اسکور بنانے کے بعد اپنی اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

راولپنڈی میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں تقریباً دو دنوں میں صرف چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان اور سعود شکیل کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے سینچریاں بنائیں اور رضوان تو اننگز ڈیکلیئر ہونے تک 171 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ یہ محمد رضوان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔

محمد رضوان بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بلے بازی کرتے ہوئے
محمد رضوان بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بلے بازی کرتے ہوئےتصویر: Anjum Naveed/AP Photo/picture alliance

دوسری جانب سعود شکیل نے بھی 141 رنز کا شاندار ذاتی اسکور بنایا، جس کے بعد وہ بنگلہ دیشی بولر مہدی حسن کی ایک گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں سعود شکیل کی تیسری سینچری ہے۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں اوپننگ بلے بازوں شادمان اسلام اور ذاکر حسن نے اپنی ٹیم کے لیے مجموعی طور پر 27 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے اسکور تک پہنچنے کے لیے مہمان ٹیم کو ابھی مزید 421 رنز درکار ہیں اور اس کی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اس ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ بھی راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا اور اس کا آغاز تیس اگست سے ہو گا۔

م ا ⁄ م م (روئٹرز، اے ایف پی)