1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوزیک یورپی پارلیمان کے نئے اسپیکر منتخب

14 جولائی 2009

یورپی پارلیمان نے آج منگل کے روز پولینڈ کے سابق وزیراعظم جیرسی بوزیک کو اگلی مدت کے لئے اسپیکر منتٰخب کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Ip2h
بوزیک سابق سوویت بلاک سے تعلق رکھنے والے ممالک کے پہلے رہنما ہیں، جنہیں یورپی پارلیمان میں سب سے اہم عہدے کے لئے منتخب کیا گیا ہےتصویر: AP

بوزیک سابق سوویت بلاک سے تعلق رکھنے والے ممالک کے پہلے رہنما ہیں، جنہیں یورپی پارلیمان میں سب سے اہم عہدے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ فرانسیسی شہر سٹراس بُرگ میں آج منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں جیرسی بوزیک کو پچھلے ماہ منتخب ہونے والی پورپی پارلیمان کے کل 736 اراکین میں سے 555 نے ووٹ دیا۔

بوزیک کے پیش رو اور اپنی مدت پوری کرنے والے یورپی یونین کے اسپیکر ہنس گیئرٹ پوئٹرنگ کا تعلق جرمنی سے ہے۔ اسپیکر کے طور پر اپنی خدمات انجام دینے کے آخری روز انہوں نے یورپی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے اس عہدے کو ایک بڑا اعزاز قرار دیا: ’’ذاتی طور پر میرے لئے یہ آخری دن ہے، جب مجھے بطور اسپیکر اس ادارے کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔‘‘

جیرسی بوزیک Jerzy Buzek نے پولینڈ کے وزیر اعظم کے طور 1997 سے 2001 تک قائم رہنے والی مخلوط حکومت کی سربراہی کی تھی۔ پولینڈ نے 1999ء میں انہی کی سربراہی میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی رکنیت اختیار کی تھی۔ اسی طرح یورپی یونین میں شمولیت کے لئے بات چیت کا آغاز بھی انہی کی وزارت عُظمیٰ کے دور میں ہوا تھا۔

69 سالہ جیرسی بوزیک نے مشرقی یورپی ملک سے تعلق رکھنے والے کسی نمائندے کو یورپی پارلیمان کا اسپیکر منتخب کرنے کو ایک تاریخ ساز لمحہ قرار دیا۔

’’یہ لمحہ میرے لئے اور ان ملکوں کے لئے، جو 20 سال پہلے کمیونسٹ حکومتوں کے کنٹرول سے آزاد ہوئے تھے، بہت اہمیت رکھتا ہے۔ 1989ء علامتی اہمیت کا حامل سال ہے۔ اگر آج وسطی اور مشرقی یورپ سے کسی شخص کو یورپی پارلیمان کا اسپیکر بننے کا موقع مل رہا ہے تو اس کا یہی مطلب ہے کہ ہم واقعی ایک دوسرے کے مز‍ ید قریب آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

اسپیکر کے طور پر اپنے انتخاب سے قبل بوزیک نے اپنی مختصر تقریر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی ترجیحات میں یورپی یونین کودرپیش معاشی بحران سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اقدامات کرنا شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا، یورپی ممالک کے عوام اس اقتصادی بحران کو حل کرنے کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ بوزیک نے اس موقع پر یورپی پارلیمان کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے کوششوں کا بھی عزم کیا۔

جیرسی بوزیک اگلے ڈھائی سال تک یورپی پارلیمان کے اسپیکر کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : امجد علی