بون جووی کے لئے گلوبل آئیکون پرائز
20 اکتوبر 2010ایم ٹی وی یورپ میوزیکل ایوارڈ کی تقریب اگلے ماہ ہسپانوی شہر میڈرڈ میں ہو گی۔ اس تقریب انعامات کے لئے نامزدگیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا تھا تاہم اب منتظمین نے اس بڑے میوزیکل فنکشن میں انتہائی اعلیٰ اور معتبر اعزاز حاصل کرنے والے فنکار کے نام کا اعلان بھی کردیا ہے۔ گلوبل آئیکون ایوارڈ کے لئے امریکی گلوکار بون جووی کو منتخب کیا گیا ہے۔
ایم ٹی وی نیٹ ورک انٹر نیشنل کے نائب صدر بروس گلمار نے اس پرائز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بون جووی کا میوزیکل بینڈ انتہائی اثر انگیز موسیقی تخلیق کرنے میں کامیاب رہا ہے اور اس باعث یہ ہر دور میں پسند کیا جائے گا۔
میوزیکل ایوارڈ کی سات نومبر کو ہونے والی تقریب میں بون جوی کا بینڈ ’جان بون جووی‘ خصوصی طور مدعو کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کی تقریب میں ان کی پرفارمنس کا شائقین ابھی سے انتظار کرنے لگے ہیں۔
بون جووی کے میوزیکل بینڈ کے البم کی 125 ملین کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ اس بینڈ کے لیڈ گلوکار بون جووی ہیں۔ یہ گروپ اب تک پچاس ملکوں میں27 سوکنسرٹس میں پرفارم کر چکا ہے۔ بون جوی کے پرستاروں کی تعداد 35 ملین سے زائد بتائی جاتی ہے۔
جون بون جووی میوزیکل گروپ میں گٹار بجانے والے رچی سمبورا خاص طور پر نہایت اہم ہیں۔ وہ اس ساز کی تاروں کو جب چھیڑتے ہیں تو دل کی نازک رگیں ٹوٹتی ہیں۔ گٹار نوازی میں سمبورا کو جو مہارت حاصل ہے وہ بہت کم فنکاروں کوملتی ہے۔ ہارڈ روک انداز پوپ موسیقی میں گٹارنوازی خاصی اہم ہوتی ہے۔ پاکستان میں ماضی کا مشہور بینڈ ’’جنون‘‘ اسی کیٹگری میں آتا تھا۔ جنون کے گٹارنواز سلمان خان بلاشبہ پاکستان میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔
میڈرڈ میں ایم ٹی وی یورپ میوزیکل ایوارڈ کے تقریب کے لئے امریکی خاتون گلوکاروں کیٹی پیری اور لیڈی گاگا کو مختلف چار درجوں میں نامزدگی حاصل ہو ئی ہے۔ اداکارہ ایوا لنگوریا اس میوزیکل ایوارڈ کی تقریب کی میزبان منتخب کی گئی ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ