1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُرقینی پر پابندی ختم، فرانس کی اعلیٰ عدالت کا فیصلہ

امتیاز احمد26 اگست 2016

فرانس کی اعلیٰ ترین انتظامی عدالت نے حال ہی میں چند ساحلی شہروں میں برُقینی پر عائد کی جانے والی پابندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کر دیا ہے۔ اس پابندی کے خلاف عالمی سطح پراحتجاج کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1JqM5
Frankreich Fort Mahon Frau im Burkini
تصویر: picture-alliance/Photopgr/Le Parisien/Arnaud Dumontier

حال ہی میں فرانس کے ساحلی علاقے ویلینیو لوبے میں پولیس اہلکاروں کی طرف سے ایک مسلمان خاتون کو بُرقینی اتارنے کا کہا گیا تھا کیوں کہ اس علاقے میں چند روز پہلے ہی مقامی حکومت کی جانب سے بُرقینی (مکمل جسم ڈھانپنے کا وہ لباس جو مسلم خواتین تیراکی کے دوران پہنتی ہیں) پہننے پر پابندی عائد کی جا چکی تھی۔ یہ تصاویر میڈیا پر آتے ہی دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

آج فرانس کی ’کونسل آف اسٹیٹ‘ کی طرف سے یہ فیصلہ خاص طور پر حالیہ عائد پابندی کے حوالے سے سنایا گیا ہے لیکن یہ قانونی فیصلہ فرانس کی ان تمام تیس ساحلی بلدیاتی حکومتوں کے لیے بھی ایک مثال ہو گا، جنہوں نے اسی طرح کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

London Burkini Beach Party Demonstration
لندن میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر ہونے والے احتجاج کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/Zuma Press/Ray Tang

انسانی حقوق کے دو گروپوں کے وکلاء کی طرف سے بُرقینی پر عائد پابندی کے خلاف اس اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ ان وکلاء کا کہنا تھا کہ برقینی پر پابندی عائد کرنے سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور اس معاملے میں مئیرز نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مئیرز کو یہ اختیار ہی نہیں ہے کہ وہ خواتین کو یہ بتائیں کہ انہیں ساحل پرکیسے کپڑے پہننا چاہیئیں۔

قبل ازیں برقینی پر پابندی کے حق میں مئیرز کا کہنا تھا کہ وہ حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں اور عوامی نظام کے تحفظ کے لیے ایسا کر رہے ہیں جبکہ بہت سے حکام کا کہنا تھا کہ برقینی عورتوں کے خلاف ظلم کی علامت ہے۔

Frankreich Nizza Stand Burkini Verbot
فرانس میں تقریبا تیس کے قریب بلدیاتی حکومتیں ساحل سمندر پر برقینی پہننے پر پابندی عائد کر چکی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Photopqr/Nice Matin/P. Lapoirie

آج ہیومن رائٹس لیگ کی نمائندگی کرنے والے وکیل پیٹریس سپینوس کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ فیصلہ دیگر میئرز کے لیے بھی مثال ہے اور انہیں بھی اپنے علاقوں میں عائد پابندی ختم کر دینی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعے کے اس فیصلے کے بعد اب خواتین کو جرمانہ ادا کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ فرانس میں تقریبا تیس کے قریب بلدیاتی حکومتیں ساحل سمندر پر برقینی پہننے پر پابندی عائد کر چکی ہیں۔

دریں اثناء اس فیصلے کے بعد فرانس کے شمالی علاقے سِسکو کے مئیر نے کہا ہے کہ وہ اس عدالتی فیصلے کے باوجود اپنے علاقے میں برقینی پر عائد پابندی ختم نہیں کریں گے۔

فرانس میں مسلمانوں کی مرکزی تنظیم ’سی ایف سی ایم‘ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’عقل سلیم کی فتح‘ قرار دیا ہے۔