1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی اليکشن: فلموں کے ذريعے پراپگينڈا کا بازار بھی گرم

11 جنوری 2019

بھارت ميں اس سال عام انتخابات ہونے والے ہيں۔ ايسے ميں بھارتی فلم انڈسٹری بھی حرکت ميں ہے اور کئی ايسی فلميں ريليز ہونے والی ہيں جن کا موضوع سياست ہے۔ ناقدين کا البتہ ماننا ہے کہ چند فلميں ’پراپگينڈا‘ کے زمرے ميں آتی ہيں۔

https://p.dw.com/p/3BNAK
Indien Film The Accidental Prime Minister
تصویر: Getty Images/AFP

فلموں پر تبصرہ کرنے والی نندنی رام ناتھ کے بقول اس سال متعدد فلميں ريليز ہونے والی ہيں۔ ان ميں سے کچھ کسی ايک فرد اور جماعت کے ايجنڈے، اس کی پاليسيوں اور اس کے سياسی نقطہ نظر کی حمايت کرتی دکھائی ديتی ہيں۔

بھارت ميں فلم انڈسٹری اور سياست کا ملاپ کوئی نئی بات نہيں۔ يہ روايت سالہا سال سے چلی آ رہی ہے۔ کئی نامور اداکار سياستدانوں کے کردار ادا کرتے آئے ہيں اور ان گنت فلموں کی کہانيوں ميں سياسی صورت حال نماياں رہی۔ کرپشن کے خلاف سن 1983 ميں ريليز ہونے والی فلم ’جانے بھی دو يارو‘ کافی مقبول ہوئی۔ پھر سن 2010 ميں ’پيپلی لائيو‘ نے کسانوں کی خود کشی کے معاملے کی عکاسی پر داد وصول کی۔ کبھی کبھار فلموں نے تنازعہ بھی کھڑا کيا۔ مثال کے طور پر ’قصہ کرسی کا‘ اور ’آندھی‘ دونوں ہی فلموں پر ستر کی دہائی ميں اس وقت کی وزير اعظم اندرا گاندھی نے پابندی عائد کر دی تھی۔ ان ميں سے ايک فلم ان کی ذاتی زندگی پر تھی جبکہ دوسری ان کی سياست پر۔ 

بھارت ميں آج جمعہ گيارہ جنوری کو دو فلميں ريليز ہو رہی ہيں۔ ان ميں سے ايک ’دا ايکسيڈنٹل پرائم منسٹر‘ اور دوسری ’اُڑی، دا سرجيکل اسٹرائک‘ شامل ہيں۔ دو معروف سياست دانوں پر بھی اسی ماہ دو فلميں ريليز ہوں گی۔ بھارتی سياسی جماعت کانگريس کے کارکنوں نے ’دا ايکسيڈنٹل پرائم منسٹر‘ کی ريليز رکوانے کے ليے مظاہرے بھی کيے اور عدالت بھی گئے تاہم وہ کامياب نہ ہو سکے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس فلم ميں کانگريس کے ايک سينیئر رکن کو کافی منفی کردار ميں دکھايا گيا ہے، جو بھارتی وزير اعظم نريندر مودی اور ان کی بھارتيہ جنتا پارٹی کے مفاد ميں ’پراپیگنڈا‘ ہے۔ فلم کے ہدايت کار البتہ ان الزامات کو مسترد کرتے ہيں۔

فلم سازوں کا ماننا ہے کہ اليکشن سے قبل کے مہينوں ميں ايسی فلميں جن ميں سياست کا عنصر دکھائی دے، اچھا کاروبار کرتی ہيں۔ تاہم ماہرين کے بقول کچھ ايسے بھی ہيں، جو يہ اميد لگائے بيٹھے ہيں کہ ان فلموں کی بدولت ان کی جماعتوں کو چند اضافی ووٹ مل سکيں گے۔

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں