بھارتی انتخابات: چار ریاستوں میں نکسل باغیوں کے حملے
16 اپریل 2009بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی 124 نشستوں کے لئے ووٹنگ جاری ہے۔ نکسل باغیوں کی طرف سے پرتشّدد کارروائیوں اور شدید گرمی کے باعث اڑیسہ اور چھتیس گڑھ ریاستوں میں ووٹنگ کی شرح دوپہر تک پندرہ فی صد رہی تاہم سہ پہر تک پولنگ شرح میں اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔
نکسلیوں نے ریاست جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کے لئے کئی حملے کئے۔ جھارکھنڈ کے لاتیہار اور چھتیس گڑھ کے مانگنر پولنگ سٹیشنوں پر نکسل باغیوں نے فائرنگ بھی کی۔ لاتیہار میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں سرحدی حفاظتی فورس BSF کے پانچ اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریاست بہار میں ووٹنگ کی شرح 30 جبکہ چھتیس گڑھ میں 25 فی صد رہی۔
پولنگ آج جمعرات کی صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی لیکن سلامتی کے اعتبار سے حساس اور نکسل متاثرہ علاقوں میں تین بجے تک ہی ووٹ ڈالے گئے۔
بھارتی پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا میں کل 543 نشستیں ہیں۔ جن ریاستوں میں آج ووٹنگ ہورہی ہے ان میں اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، اروناچل پردیش، منی پور، شورش زدہ ریاستیں جموّں و کشمیر اور آسام، اڑیسہ، ناگالینڈ، آندھراپردیش، میگھالیہ، اور کیریلہ شامل ہیں۔
عام انتخابات کا پوراعمل پانچ مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ انتخابات کے پانچویں اور آخری مرحلے میں تیرہ مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔