1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کرکٹر کی شیر کے ساتھ سیلفی، تین سو ڈالر جرمانہ

امتیاز احمد10 اگست 2016

بھارتی کرکٹر روندرا جدیجا کو شیر کے ساتھ سیلفی اتارنے پر تین سو ڈالر کا جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ بھارت کے مغرب میں پائے جانے والے ایشیائی شیر معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں اور ان کی تصاویر بنانے پر بھی پابندی عائد ہے۔

https://p.dw.com/p/1JfND
Indien Löwin im Gir National Park
تصویر: picture alliance/Dinodia Photo Library

بھارتی حکام نے جون کے مہینے میں اس معاملے کی چھان بین شروع کر دی تھی۔ جون میں بھارت کے نامور کرکٹر روندرا جدیجا نے جنگل کی سفاری کے دوران ایشائی شیر کے ساتھ سیلفی لے کر اپنے انسٹاگرام پر جاری کی تھی، جس کے بعد یہ تصاویر وائرل ہو گئیں تھیں۔

ریاست گجرات میں چیف فارسٹ کنزرویٹر اے پی سنگھ کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا اور جدیجا کو اپنا بیان جمع کرانے کا بھی کہا تھا۔‘‘

اے پی سنگھ کا کہنا تھا کہ جدیجا خود تو دستیاب نہیں تھے لیکن ان کے سُسر نے ان کی طرف سے ایک تحریری بیان جمع کروا دیا ہے اور ان کی طرف سے بیس ہزار روپے کا جرمانہ بھی ادا کر دیا گیا ہے۔

فیملی فوٹو کے نام سے شائع کی گئی ایک تصویر میں آل راؤنڈر جدیجا کو مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے پیچھے ایشائی شیر نظر آتے ہیں۔

اسی طرح ایک دوسری تصویر میں جدیجا اور ان کی اہلیہ نظر آتے ہیں اور ان کے پیچھے شیر ہیں۔

ستائیس سالہ جدیجا اس وقت بھارت کی قومی ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہیں۔ ریاست گجرات کے محکمہ جنگلات نے اس وقت ان شیروں کی تصاویر لینے پر پابندی عائد کر دی تھی، جب ایک شیر کے حملے میں ایک دیہاتی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔