1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف پاکستان کی درخواست مسترد

20 نومبر 2018

کرکٹ کے نگران عالمی ادارے آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف پاکستانی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان نے کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے ازالے کا مطالبہ کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/38a8A
Logo des(Pakistan Cricket Board) PCB

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ’ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی‘ یعنی کھیل کے تنازعات کو حل کرنے والی کمیٹی نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کی اُس درخواست کو مسترد کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز نے کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے ازالے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پاکستانی بورڈ نے درخواست میں کہا تھا کہ بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) نے کرکٹ سیریز کھیلنے کے معاہدے کا احترام نہیں کیا لہٰذا اس مد میں ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

تاہم ازالے کے طور پر رقم ادا کرنے کی پاکستان کی اپیل کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی درخواست پر دونوں کرکٹ بورڈز نے تین روز تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران تحریری اور زبانی دلائل دیے۔

ان دلائل کی روشنی میں کمیٹی نے پاکستانی کی درخواست کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ جو فیصلہ دیا گیا ہے، اُس کے خلاف کسی قسم کی اپیل نہیں کی جا سکتی۔

Cricket Sport Bälle
سن 2015 سے سن 2024 کے درمیان بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چودہ ٹیسٹ میچوں کا انعقاد ہونا تھاتصویر: REUTERS

پاکستان میں کرکٹ کے نگران ادارے پی سی بی کی جانب سے اپیل میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دو طرفہ سیریز کھیلنے کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے تھے اور یہ سیریز سن 2015 سے سن 2023 کے درمیان کھیلی جانا تھیں۔ ان میں چار کی میزبانی پاکستانی کرکٹ بورڈ نے کرنا تھی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس مفاہمت کی یاداشت پر عمل نہ کرنے کے خلاف درخواست دی گئی تھی۔ پی سی بی نے ستر ملین امریکی ڈالرز ازالے کے طور پر طلب کیے تھے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں بھارت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا کیونکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدگی سے عبارت ہیں۔

سن 2015 سے سن 2024 کے درمیان بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چودہ ٹیسٹ میچوں کے علاوہ تیس ایک روزہ اور بارہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جانا تھے۔ یہ مفاہمت کی یاداشت بھارت نے کرکٹ کے عالمی ادارے میں ’بگ تھری‘ کے سابقہ منصوبے کی حمایت کے عوض پاکستان کو پیش کی تھی۔ بعد میں بھارت نے اس مفاہمت کی یادشت (MoU) کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ اُسے نئی دہلی حکومت نے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے روک دیا تھا۔

محمد عباس: سیالکوٹ کے ویلڈر سے دنیا کے مایہ ناز بولر تک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں