بھارتی گجرات میں زہریلی شراب سے سو سے زائد افراد ہلاک
10 جولائی 2009بھارتی ریاست گجرات میں جمعہ کے روز مخلتف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ مقامی پولیس کے مطابق زہریلی شراب بنانے والے بیچنے کے الزام میں تقریبا آٹھ سو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گجرات کے وزیراعلیٰ نیرندر مودی نے کہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو انتہائی سخت سزا دی جائے گی۔
اس واقعے کے خلاف احتجاج کے طور پر احمد آباد میں جمعہ کے روز سکول، کالج اور تجارتی ادارے بند رہے۔ حکام کے مطابق زہریلی شراب سے متاثر ہونے والے افراد کی بڑی تعداد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کی گئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
گجرات میں شراب کی فروخت اور استعمال پر حکومتی پابندی عائد ہے تاہم برصغیر میں شراب کا غیر قانونی استعمال بہت عام ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوبی بھارتی ریاستوں کرناٹک اور تامل ناڈو میں زہریلی شراب پینے سے150 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
رپورٹ عاطف توقیر
ادارت عاطف بلوچ