بھارت امریکا سے جدید ڈرون خریدنے کا خواہشمند
22 جون 2017نریندر مودی اپنے دو روزہ امریکی دورے کے دوران ملکی بحریہ کی استعداد بہتر کرنے کے لیے دو درجن کے قریب اعلیٰ کوالٹی کے پریڈیٹر نامی ڈرونز خریدنے کے سمجھوتے کو خاص طور پر حتمی شکل دینے کی کوشش کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات اتوار پچیس جون کو ہو گی۔ گزشتہ برس اپریل میں ٹرمپ اور چینی صدر شی جنگ پنگ کے درمیان بھی ملاقات ہو چکی ہے۔
سفارت کاروں کا خیال ہے کہ وہ اس دورے کے دوران صدر ٹرمپ کو اپنے ملک کی علاقائی صورت حال کے تناظر میں قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ بھارتی بحریہ کو ان ڈرونز کی واقعتاً اشد ضرورت ہے۔ بھارتی بحریہ ان پریڈیٹر ڈرونز کے ذریعے بحر ہند میں چینی بحریہ کے جنگی جہازوں کی نقل و حرکت پر نگاہ رکھنا چاہتی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق ڈرونز کے سمجھوتے کو حتمی شکل ملی تو یہ خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کر سکتا ہے اور اس سے بھارت کے ہمسایہ ملکوں پاکستان اور چین کی تشویش سامنے آ سکتی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات حالیہ کچھ عرصے میں متنازعہ کشمیر کی صورت حال پر خاصے تناؤ کا شکار ہیں۔
مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے ساتھ ملاقات و مذاکرات مودی کے لیے امتحان سے کم نہیں ہوں گے کیونکہ سیماب صفت امریکی صدر اس سے آگاہی رکھتے ہیں کہ سابق صدر باراک اوباما کے دورمیں امریکی بھارتی دفاعی روابط میں بہتری ہوئی تھی لیکن حالیہ ہفتوں میں تھوڑی سے دوری محسوس کی جا رہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ شمالی کوریا کے حوالے سے واشنگٹن اور بیجنگ کے تعلقات میں قربت کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اس باعث نئی دہلی کو کسی حد تک تشویش بھی لاحق ہے۔
بھارت کو امریکی اسلحے کا سب سے بڑا خریدار قرار دیا جاتا ہے اور حال ہی میں واشنگٹن نے بھارت کو اپنی دفاعی اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُسے یقینی طور پر ساڑھے سات ہزار میل لمبی ساحلی پٹی کو چینی عسکری سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ہو گا۔ چینی حکومت مسلسل اپنے سمندری تجارتی عمل کو وسعت دے رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ سمندری نگرانی کے سلسلے کو بڑھانے کی کوششوں میں ہے۔