1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: بیت الخلاء کم اور موبائل فونز زیادہ

Imtiaz Ahmad15 مارچ 2012

بھارتی ادراہ برائے مردم شماری کے مطابق ملک میں موبائل فون رکھنے والے گھروں کی تعداد ایسے گھروں سے زیادہ ہے جن میں ٹوائلٹ کی سہولت موجود ہے۔

https://p.dw.com/p/14L4n
تصویر: DW

ایک اعشاریہ دو بلین کی آبادی والے ملک کے تریسٹھ فیصد گھرانوں میں موبائل تو ہے لیکن بیت الخلاء نہیں۔

بھارتی سرکاری اداروں کے مطابق یہ اعداد و شمار سن 2011 کی مردم شماری کے دوران جمع کیے گئے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس سے پتہ چلتا ہے کہ اس ملک میں حفظان صحت کی بنیادی سہولتوں کی کس قدر کمی ہے اور مواصلاتی انقلاب کس تیزی سے معاشرے میں پھیل رہا ہے۔

Frauen in Dhaka, Bangladesch, mit Handy
تصویر: AP

یہ ڈیٹا منگل کے روز منظر عام پر لایا گیا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے 330 ملین گھرانوں یعنی صرف 47 فیصد آبادی کے پاس بیت الخلاء جیسی سہولت موجود ہے۔ لیکن ملک کی 63 فیصد آبادی کے پاس ٹیلیفون کنکشن ہیں، ان میں سے زیادہ تر تعداد موبائل فونز ہیں۔

محکمہء مردم شماری کے کمشنر سی چندر ماؤلی کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی آدھی آبادی کو رفع حاجت کے لیے بیت الخلاء میسر نہیں ہیں، جو ایک تشویش کی بات ہے۔

اسی رپورٹ کے مطابق بھارت کی تیس فیصد آبادی بجلی کی سہولت سے محروم ہے جبکہ 36 فیصد عوام کے پاس واٹر کنکشن نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں صرف تین فیصد افراد کمپیوٹر انٹرنیٹ کنکشن رکھتے ہیں۔ اسی طرح بھارت کی تریسٹھ فیصد آبادی ابھی تک کھانے پکانے کے لیے لکڑی کی آگ سے استفادہ حاصل کرتی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق تفریح کا سب سے مقبول ذریعہ ٹیلی وژن ہے اور ملک کی 47 فیصد آبادی کے پاس ایک عدد ٹیلی وژن سیٹ ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسر اعوان