1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں جنسی حملوں کا خطرہ، فرانس اور برطانیہ کی وارننگ

امتیاز احمد18 جنوری 2014

فرانس اور برطانیہ نے بھارت جانے والی خواتین کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وہاں جنسی حملوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ایک برس میں بھارت جانے والی خواتین سیاحوں کی تعداد میں پینتیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1At1R
تصویر: Getty Images/AFP

برطانیہ اور فرانس نے سفری ہدایات میں تبدیلی لاتے ہوئے بھارت کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں، خاص طور پر خواتین کو انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان دونوں ملکوں کی طرف سے یہ وارننگ چند روز پہلے ایک جرمن اور ایک ڈینش خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعات کے بعد جاری کی گئی ہے۔

گزشتہ منگل کے روز نئی دہلی میں ایک اکاون سالہ ڈینش خاتون سیاح کو اس وقت اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جب وہ اپنے ہوٹل کا راستہ پوچھنے کے لیے رک گئی تھيں۔ اس واقعے سے ایک دن پہلے ایک اٹھارہ سالہ جرمن لڑکی جنوبی بھارت میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنی۔ پولیس حکام کے مطابق ایک امدادی تنظیم کے لیے کام کرنے والی اس لڑکی کو رات کے وقت ٹرین پر سوار ایک مسافر نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

برطانوی حکومت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے، ’’خواتین مسافروں کو، یہاں تک کہ وہ گروپ میں بھی سفر کر رہی ہوں، بھارت کا سفر کرتے ہوئے احتیاط برتنی ہوگی۔‘‘ اسی طرح فرانسیسی حکومت نے ملکی خواتین کو ’انتہائی محتاط‘ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے،’’ حالیہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ غیر ملکی خواتین کو کس طرح نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔‘‘

اسی طرح جنوری کے آغاز میں پولینڈ کی ایک تینتیس سالہ خاتون کو مبینہ طور پر نشہ دے کر ریپ کیا گیا تھا۔ یہ خاتون اپنی دو سالہ بیٹی کے ہمراہ ٹیکسی کے ذریعے نئی دہلی جا رہی تھیں۔

بھارت میں خواتین سیاحوں کی کمی

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان واقعات نے بھارت میں ہونے والے جنسی تشدد کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق بھارت میں بڑھتے ہوئے اجتماعی زیادتی کے واقعات خطرے کی ایک گھنٹی ہیں۔ بھارت کے ایسوسی ایٹڈ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران بھارت آنے والی خواتین سیاحوں کی تعداد میں 35 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ حالیہ واقعات اس میں مزید کمی کا سبب بن سکتے ہیں۔