1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے پاکستان میں مجوزہ سارک سمٹ کا بائیکاٹ کر دیا

علی کیفی
28 ستمبر 2016

بھارت نے سرحد پار سے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں مجوزہ سارک سمٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ یہ سربراہ کانفرنس نو اور دَس نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ہے۔

https://p.dw.com/p/2QfyM
Indien Unabhängigkeitstag in Secunderabad
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam

بھارت نے کہا ہے کہ اُس نے پاکستان میں مجوزہ سمٹ کے بائیکاٹ کے فیصلے سے نیپال کو آگاہ کر دیا ہے، جو اپنی باری کے اعتبار سے آج کل جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (SAARC) کا صدر ملک ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’بھارت نے سارک کے موجودہ صدر ملک نیپال کو بتا دیا ہے کہ خطّے میں سرحد پار دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے ایک ایسا ماحول بن چکا ہے، جس میں اُنیسویں سارک سمٹ کا انعقاد کامیابی کے ساتھ ہوتا نظر نہیں آتا۔ موجودہ حالات میں حکومتِ بھارت اسلام آباد میں مجوزہ سمٹ میں شرکت نہیں کر سکتی۔‘‘

جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک سارک تنظیم کے رکن ہیں اور ان کا اُنیسواں سربراہ اجلاس پروگرام کے مطابق نو اور دس نومبر کو پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والا ہے۔

بھارت کی طرف سے اس سمٹ کے بائیکاٹ کا اعلان جنوبی ایشیا کی ان دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔ نئی دہلی حکومت کا الزام ہے کہ بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ایک فوجی ہیڈکوارٹر پر اُس دہشت گردانہ حملے کے پیچھے پاکستانی سرزمین سے سرگرمِ عمل عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہے، جس کے نتیجے میں اُڑی کے فوجی ہیڈکوارٹر میں اٹھارہ بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

Sushma Swaraj Indien
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گاتصویر: UNI

پیر کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج نے کہا تھا کہ پاکستان غالباً اس فریب کا شکار ہے کہ اس طرح کے حملوں سے وہ اُس علاقے کو حاصل کر لے گا، جس کی وہ خواہش کر رہا ہے:’’میرا پاکستان کو یہ مشورہ ہے کہ یہ خواب دیکھنا چھوڑ دو۔ میں ایک بار پھر واضح طور پر کہنا چاہتی ہوں کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے اس خطاب کو ’جھوٹ کا پلندہ‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک بیان میں اُڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ سُشما سوراج نے تاریخ کو مسخ کیا ہے:’’یہ الزامات اُن مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے عائد کیے گئے ہیں، جو نصف ملین سے زائد سپاہیوں پر مشتمل قابض فوج معصوم اور غیر مسلح کشمیری بچوں، عورتوں اور مردوں پر کر رہی ہے۔‘‘ اس بیان میں کہا گیا کہ کشمیر بھارت کا نہ تو کبھی اٹوٹ انگ تھا اور نہ ہی کبھی بن سکتا ہے۔