1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی طرف سے سرحد پار فائرنگ، تین سویلین ہلاک

28 اکتوبر 2016

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے سرحد پار پاکستانی علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں تین عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ کشمیرکے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے ہی تناؤ موجود ہے۔

https://p.dw.com/p/2RqTx
Indien Pakistan Tote nach Angriff auf indisches Militärlager
تصویر: picture alliance/AP Photo/C. Anand

یہ واقعہ نکیال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیش آیا جو بھارتی زیر انتظام کشمیر کو پاکستانی صوبہ پنجاب سے الگ کرتی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یہ بات پاکستانی حکام کے حوالے سے بتائی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار عدنان خورشید نے اے ایف پی کو بتایا، ’’نکیال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارت فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک لڑکی سمیت کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پانچ تین افراد زخمی ہوئے۔‘‘ اس اہلکار کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو کوٹلی کے ایک ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

نکیال کے علاقے کی مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار ذیشان نثار نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک سات سالہ بچی بھی شامل ہے۔

تشدد کا یہ تازہ واقعہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارت کی طرف سے گزشتہ روز یعنی جمعرات 27 اکتوبر کو اعلان کیا گیا تھا کہ وہ ایک پاکستانی ویزہ افسر کو جاسوسی کے الزام میں ملک سے بے دخل کر رہا ہے۔ اس کے جواب میں اسلام آباد حکومت نے بھی ایک بھارتی سفارتی افسر کو ملک سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Indien Kashmir Konflikt Eskalation Polizei
بھارتی فورسز کی کارروائیوں میں 80 سے زائد کشمیری ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: Reuters/D.Ismail

حالیہ مہینوں کے دوران جنوبی ایشیا کی ان دونوں ہمسایہ اور جوہری ریاستوں کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہیں۔ رواں برس ستمبر میں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کی طرف سے بھارتی فورسز کے کے ایک اڈے پر حملے کے نتیجے میں 19 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں رواں برس آٹھ جولائی کو ایک علیحدگی پسند تنظیم کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے وہاں حکومت مخالف مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فورسز کی کارروائیوں میں 80 سے زائد کشمیری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے پیلٹ گنوں کے استعمال کے باعث سینکڑوں کشمیری نابینا یا معذور ہو چکے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔