بھارت کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر نظر
1 دسمبر 2009بھارت کو اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے جبکہ فائنل میچ جیت کر بھارتی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آجائے گی۔ اس وقت جنوبی افریقہ پہلی جبکہ سری لنکا دوسری پوزیشن پر ہے۔
فائنل ٹیسٹ میں بھارت کو ان فارم گوتھم گھمبیر کی خدمات حاصل نہیں جو اپنی بہن کی شادی میں شرکت کے لئے جائیں گے۔ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے مہمان سری لنکا کو ایک اننگز اور ایک سو چوالیس رنز کے واضح فرق سے شکست دی تھی۔ دوسری طرف سری لنکن اسپنر مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر وہ اب جلد ہی تھکاوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں ۔اگر ان کی فٹنس کا معیار ایسا ہی رہا تو وہ 2011 ورلڈ کپ سے پہلے دونوں طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے ۔
بھارت کے خلاف حالیہ سیریز میں مرلی دھرن نے دو ٹیسٹ میچز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،لیکن اس کے لئے انہوں نے396رنز دیے اور ان کی بولنگ اوسط 79.20 ہے۔وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں1300 وکٹیں لے چکے ہیں۔ 37 سالہ اسپنر کا کہنا ہے کہ وہ مسقبل میں50 اوورز کی کرکٹ کو ترجیح دیں گے لیکن اگر ان کی فٹنس کا معیار ایسا ہی رہا تو وہ اگلے سال دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔
رپورٹ: شادی خان
ادارت: ندیم گِل