بھارت کے لیے یوٹیوب کی نئی خصوصی ایپلیکشن
5 اپریل 2017 بھارت میں تیز انٹرنیٹ تک رسائی ہر جگہ ممکن نہیں ہوتی اور اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل یوٹیوب کے بھارتی صارفین کے لیے خصوصی ایپب متعارف کروا رہا ہے۔ اس طرح اب صارفین ویڈیوز کو محفوظ کر سکیں گے اور انٹرنیٹ کی عدم موجودگی کی صورت میں بھی دیکھ پائیں گے، جب کہ اس طرح صارفین اپنے موبائل ڈیٹا کے استعمال کی نگرانی بھی کر پائیں گے۔
گوگل پلے اسٹور انڈیا نے اس ایپ کا بیٹا ورژن ریلیز کر دیا ہے، جب کہ اگر یہ ایپ مقبول ہوئی، تو اس کا باقاعدہ ورژن بھی جلد ہی پیش کر دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق متعدد بھارتی کمپنیوں کی جانب سے انٹرنیٹ ڈیٹا کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے بھارت میں ویڈیو دیکھنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جب کہ مزید اضافہ متوقع ہے۔ موبائل فون کمپنیاں انٹرنیٹ ڈیٹا کی قیمت میں مزید کمی کرنے کا سوچ رہی ہیں۔
بھارت کی ایک اعشاریہ تین ارب آبادی کو انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا رہتا ہے اور انٹرنیٹ کمپنیاں اسی صورت حال کو سامنے رکھ کر بھارتی صارفین کے لیے اسی طرز کے خصوصی ایپ متعارف کروا رہی ہیں، تاکہ ایک طرف تو ایک بڑی مارکیٹ تک پہنچا جا سکے اور دوسری جانب ان صارفین کو سہولت بھی مہیا کی جا سکے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ بھارت کے لیے اپنے بنیادی پروڈکٹ کو بھارتی صارفین کے لیے تراشنے کی بجائی، اس ایپ کو تیار کیا ہے، تاکہ وائی فائی کی موجودگی پر یہ ویڈیوز کو محفوظ کیا جا سکے اور بعد میں ایسے وقت میں جب انٹرنیٹ دستیاب نہ ہو، ان ویڈیوز کو بغیر کسی دشواری کے دیکھا جا سکے۔
یوٹیوب کے مطابق بھارتی صارف مارکیٹ کا اس حوالے سے جائزہ لیا گیا تھا، جس سے معلوم چلا کہ بھارتی صارف یوٹیوب کے کسی تراشے ہوئے ورژن کی بجائے اسے اصل حالت میں چاہتے ہیں۔