1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بہترین کپتان، آئی سی سی کے پول میں عمران خان سب سے آگے

13 جنوری 2021

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ماضی میں کرکٹ کی دنیا کے بادشاہ رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے کرائے جانے والے ایک سروے میں عمران خان بہترین کپتان قرار دیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3nr2o
Pakistan Cricket Kapitän Imran Khan
تصویر: Getty Images/AFP/S. Dupont

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے کرائے جانے والے ایک پول میں عمران خان کو 47.3 فیصد ووٹ ملے اور وہ پول میں شامل کپتانوں کی فہرست میں سے سب سے بہترین کپتان قرار پائے۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو دنیا بھر میں ان کے کرکٹ ریکارڈز اور کامیابیوں کے سبب سراہا جاتا ہے۔ تاہم وہ ان تمام تر کامیابیوں کے باوجود مقبولیت کے اعتبار سے اب بھی پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم اور سابق کرکٹر عمران سے پیچھے ہیں بھلے یہ فرق کچھ زیادہ نہیں ہے۔ آئی سی سی کے اس پول میں انہیں 46.2 فیصد ووٹ ملے۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کا عمران خان سے پرانا تعلق نکل آیا

عمران کی مبارکباد اور سوشل میڈیا پر ردعمل

کرکٹ کے کھیل کو دنیا بھر میں منظم کرنے والے ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے کرائے جانے والے آن لائن پول میں پوچھا گیا، ''ان عظیم کھلاڑیوں میں سے کس کو آپ سب سے بہترین قرار دیں گے۔‘‘

اس پول میں عمران خان کے علاوہ بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈے ویلیئرز کے علاوہ آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کو شامل کیا گیا۔

آئی سی سی نے کرکٹ کے ایسے کھلاڑیوں کو بہترین کپتانوں کے اس ٹوئٹر پول میں شامل کیا تھا جن کی بطور کھلاڑی اوسط کم تھی لیکن کپتان بننے کے بعد ان کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی تھی۔

اس پول میں 536,346 افراد نے حصہ لیا اور اس میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بالکل قریب قریب رہے۔ کوہلی کو اس پول میں 46.2 ووٹ ملے،  اے بی ڈیولیئرز کو چھ فیصد جبکہ میگ لیننگ کو محض صفر اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ ملے۔

پاکستانی اور بھارتی صارفین کے مابین مقابلہ

آئی سی سی کی بظاہر رائے عامہ جاننے کی ایک عام سی کوشش سوشل میڈیا کی دنیا میں بھی پاکستانی اور بھارتی صارفین کے مابین ایک دلچسپ مقابلہ بن گئی۔

Indien Virat Kohli und Anushka Sharma
ویرات کوہلی اور ان کی اداکارہ اہلیہ انوشکا شرما حال ہی میں ایک بیٹی کے والدین بنے ہیں۔تصویر: STR/AFP/Getty Images

صارفین ٹوئٹر پول میں چوبیس گھنٹوں تک ووٹنگ کر سکتے تھے۔ ابتدا میں عمران خان فہرست میں برتری حاصل کیے ہوئے تھے لیکن اس کے بعد کوہلی کو منتخب کرنے والوں کی تعداد بڑھتی گئی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے سے چند منٹ قبل تک بھی کوہلی کو عمران خان پر معمولی برتری حاصل تھی لیکن وقت ختم ہونے کے پر عمران خان کو سبقت مل گئی۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور کئی رہنماؤں نے بھی ٹوئٹر پولنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ان کے لیے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔