1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیئر، موج مستی اور قسمت آزمائی، اکتوبر فیسٹیول شروع

22 ستمبر 2018

’نشہ، موج مستی اور قسمت آزمائی‘ آج ہفتے سے میونخ میں اکتوبر فیسٹیول شروع ہو گیا ہے۔ اسے اکتوبر فیسٹیول کیوں کہتے ہیں؟ اور یہاں پر بیئر کے علاوہ اور کیا کیا ہوتا ہے؟

https://p.dw.com/p/35KkS
تصویر: Reuters/A. Gebert

اکتوبر فیسٹیول کو مقامی سطح پر ’’اکتوبر فیسٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا بیئر فیسٹیول ہے۔ اس میلے کی وجہ سے جنوبی جرمن شہر میونخ اور اس کے اطراف کے تمام ہوٹل بک ہو چکے ہیں، سڑکیں ٹریفک سے اور میٹرو مسافروں سے بھری ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ اگلے سولہ دن تک اس میلے میں تقریباً چھ ملین یا ساٹھ لاکھ افراد شریک ہوں گے۔ اس میلےکی خاص بات وہ بڑے بڑے خیمے ہیں، جو وسیع و عریض سبزہ زار ’تھیریسین ویزے‘ پر لگائے جاتے ہیں۔ اسی مناسبت سے مقامی آبادی اکتوبر فیسٹ کو ویزن بھی کہتی ہے۔

Start Oktoberfest 2018
تصویر: picture-alliance/dpa/K.-J. Hildenbrand

اکتوبر فیسٹیول کی تاریخ:

یہ بات 1810 کی ہے، جب بارہ اکتوبر کو میونخ میں پانچ روز تک خوشیاں منانے کا فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا، جب اس وقت کے ولی عہد لڈوگ نے شہزادی تھیریزے  فان زاکسن ہلڈبرگہاؤزن سے شادی کی۔ ولی عہد بعد میں بادشاہ لڈوگ ( اول) کے نام سے مشہور ہوئے۔ پھر کئی برسوں تک ہر سال اس موقع پر لوگ اکھٹے ہوتے اور موج مستی کرتے۔

1818ء میں پہلی مرتبہ اس موقع پر جھولے بھی لگائے گئے۔ پھر 1880ء سے اس میں اضافہ ہی ہوتا گیا۔ اس دوران ایک بڑا مسئلہ موسم کا بھی تھا اور وہ یہ کہ اکتوبر میں جنوبی جرمنی کا موسم قدرے سرد ہو جاتا تھا۔ سردی یا خراب موسم کا مطلب ہے کم شرکاء اور اس طرح  کاروبار بھی کم۔ اسی وجہ سے اکتوبر میلے کو1904ء سے چند دن قبل یعنی ستمبر کے اواخر میں منانےکے سلسلے کی ابتدا ہوئی۔

Deutschland Wiesnplaymate 2018 Julia Prokopy
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Hörhager

بیئر، بیئر اور صرف بیئر

اس میلے کی خاص اور اہم ترین شے بیئر ہے۔ گزشتہ برس7.7 ملین لیٹر بیئر نے خشک گلے تر کیے تھے۔ اس بیئر میں الکوحل چھ فیصد ہوتی ہے اور کئی شرکاء کو بہت دیر سے نشے میں دھت ہونے کا علم ہوتا ہے۔ ہر سال کئی سو افراد کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ بہت سے شرکاء بیئر پینے کے بعد خالی گلاسوں کو ایک نشانی کے طور پر اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ گزشتہ برس ایک لاکھ بیس ہزار افراد کی اس کوشش کو ناکام بنایا گیا۔

Start Oktoberfest 2018 ozapft
تصویر: Reuters/A. Gebert

تفریحاً یا اصلی محبت؟

نشہ بڑھ جانے کے بعد، موسیقی اور ماحول کا اثر لوگوں پر واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کے قریب آنے کی کوشش کرتے ہیں۔ صوبہ باویریا  کی روایت کے مطابق کسی بھی خاتون کی ایپرن یا سامنے پہنا ہوا لباس ایک اشارے کا کام کرتا ہے۔ اگر اس کا ’ربن‘ بائیں جانب ہے تو وہ سنگل ہے اور ساتھی کی تلاش میں ہے اور اگر یہ ربن دائیں جانب ہے تو اسے بھول جائیں۔

تاہم مرد اپنی دائیں کلائی پر ایک بینڈ پہنتے ہیں، جس پر لکھا ہوتا ہے کہ وہ فلرٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہی پیغام اکثر ’جنجر بریڈ‘ پر بھی لکھا ہوتا ہے، جو وہ اپنے گلے میں ڈال کر گھومتے ہیں۔ اب دلوں کو ملانے کے ایپس بھی متعارف کرائے جا چکے ہیں۔

امسالہ اکتوبر فیسٹیول کا افتتاح میونخ کے میئر ڈیٹر رائٹر نے آج ہفتے کو کیا۔ انہوں نے دو مرتبہ چوٹ لگا کر بیئر کے ڈرم کو کھولا اور بیئر کا پہلا گلاس صوبے کے وزیر اعلی مارکوس زوئڈر کو پیش کیا گیا۔ اس مرتبہ ایک لیٹر بیئر سے بھرے گلاس کی قیمت گیارہ یورو سے زائد ہے۔