بیجنگ کی چین خلیج آزاد تجارتی زون قائم کرنے کی تجویز
31 جنوری 2023چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کن گینگ نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو معیشت، تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، سرمایہ کاری، فنانس اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
کن گینگ کا کہنا تھا کہ چین اپنے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہتا ہے۔ انہوں نے چین خلیج اسٹریٹیجک شراکت داری کو مسلسل مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے جلد از جلد چین خلیج آزاد تجارتی زون تعمیر کرنے پن بھی زور دیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ اہم دورے پر سعودی عرب میں
چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ تعلقات کو خارجہ تعلقات کا ایک اہم سنگ بنیاد سمجھتا ہے اور سعودی عرب ون چائنا اصول پر مکمل عمل پیرا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کیا کہا؟
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کن گینگ کو وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارک باد دی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی میں ایک اہم سنگ میل سمجھتا ہے اور آنے والے دنوں میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے بعد محمد بن سلمان چین پہنچ گئے
انہوں نے مزید کہا سعودی عرب دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کی حفاظت کے لیے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور مشترکہ اقدامات کرنے کا خواہش مند ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین علاقائی اور بین الاقوامی امور میں سعودی عرب کے ساتھ شراکت اور تعاون کو مستحکم کرنے لیے تیار ہے۔
چین اور پاکستان ’آہنی دوست‘ ہیں، چینی صدر
کن گینگ، جنہوں نے حال ہی میں متعدد افریقی ملکوں کا اپنا دورہ مکمل کیا ہے، ڈچ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ووپکے ہوئیکسٹرا اور ارجینٹینا کے وزیر خارجہ سانٹیاگو کفیئرو سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
ج ا/ ص ز (روئٹرز)