1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلاروس پر جہاز اغوا کرنے کا الزام، یورپی ممالک کی مذمت

24 مئی 2021

یورپ اور امریکا نے یونان سے لیتھوانیا جانے والی ایک پرواز کو زبردستی بیلاروس میں اتارنے کی مذمت کی ہے۔ بیلا روس کے سکیورٹی حکام نے جہاز پر سوار ایک سرکردہ اپوزیشن صحافی کو حراست میں لینے کے بعد پرواز کو جانے دیا۔

https://p.dw.com/p/3tqm3
Litauen Landung Ryanair nach Roman Protasevich Verhaftung
تصویر: Mindaugas Kulbis/AP Photo/picture alliance

رامان پراٹیسیوچ بیلا روس کی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک نمایاں صحافی ہیں۔ وہ رائن ایئر کی ایک پرواز کے ذریعے یونان سے لیتھوانیا جا رہے تھے جب ان کی پرواز کو بیلا روس کے دارالحکومت مِنسک میں اترنے پر مجبور کیا گیا۔

رامان پراٹیسیوچ  کی فلائیٹ بیلا روس کی حدود سے گزر رہی تھی جب مقامی فلائٹ کنٹرولر نے فضائی عملے کو جہاز میں بم کے خطرے سے خبردار کیا اور پائلٹ کو ہدایت کی کہ جہاز کو منسک کی ہوائی اڈے پر اتار لیں۔ اس دوران بیلا روس کا ایک جنگی جہاز  اس پرواز کے گرد چکر لگاتا رہا۔

بیلاروس کے صدر کو اپنے قتل کا خدشہ، حکم نامے پر دستخط کر دیے

مسافر بردار ہوائی جہاز کے منسک ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سکیورٹی حکام رامان پراٹیسیوچ اور ان کی روسی گرل فرینڈ کو اپنے ساتھ لے گئے، جس کے بعد جہاز کو اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔

Belarus  - Oppositioneller Roman Protasevich in Minsk verhaftet
چھبیس سالہ رامان پراٹیسیوچ کو بیلا روس کی اپوزیشن کی ایک توانا آواز قرار دیا جاتا ہےتصویر: Artur Widak/NurPhoto/picture alliance

یورپی یونین کا ردعمل

بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کی شخصی حکمرانی کے خلاف سرگرم صحافی رامان پراٹیسیوچ  کو اس انداز میں حراست میں لیے جانے پر یورپی ممالک نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے جہاز کا راستہ زبردستی تبدیل کرنے کو ایک قابل مذمت اقدام قرار دیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کاروائی بیلا روس کی طرف سے اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔

بیلاروس کی اپوزیشن کے لیے یورپی ایوارڈ

اس واقعے کے بعد یورپی یونین اور بیلا روس کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ یورپی یونین کے پیرسے شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس میں یہ معاملہ مرکزی اہمیت حاصل کر گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں بیلا روس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو کے خلاف مزید کڑا موقف اپنانے پر غور کیا جائے گا۔

Litauen Flughafen Vilnius Protest Verhaftung Roman Protasevich
لیتھوانیا میں ہوائی اڈے پر رائن ایئر کی پرواز پہنچنے کے بعد رامان پراٹیسیوچ کا انتطار کرتی ایک خاتونتصویر: Mindaugas Kulbis/AP Photo/picture alliance

لیتھوانیا کے صدر کا بیان

ادھر لیتھوانیا کے صدر گیٹانس ناؤزیڈا نے بیلاروس کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ''ریاستی دہشت گردی‘‘ کا واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جواب میں بیلا روس کے جہازوں کی یورپی یونین کے ہوائی اڈوں پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو چاہییے کہ وہ بیلا روس پر سخت پابندیوں کا نفاذ کرے۔

یورپی یونین کے ساتھ کشیدگی، بیلاروس کی فوج الرٹ پر

امریکی مذمت

امریکا کے وزیر خارجہ انتونی بِلنکن نے اس واقعے کو اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش قرار دیا اور صحافی رامان پراٹیسیوچ  کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق بیلا روس حکومت نے جبری طور پر ہوائی جہاز کا رخ تبدیل کرکے کئی مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ شہری ہوابازی کی بین الاقوامی کونسل کو اس واقعے کا فوری طور پر نوٹس لینا چاہییے۔

ع ح، ش ج (اے پی، روئٹرز)