بینک ڈکیتی کے لیے لمبی سرنگ
برازیل میں جرائم پیشہ افراد کے ایک گروہ نے ایک نہایت منظم انداز سے سرنگ کھودی۔ یہ افراد ایک بینک سے لاکھوں ڈالر چرانا چاہتے تھے۔
چھ سو میٹر کھدائی
اس جرائم پیشہ گروہ نے چھ سو میٹر سرنگ کھودی، جسے ایک بینک تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس کارروائی سے کچھ ہی دیر قبل پولیس نے اس سرنگ کا سراغ لگا لیا۔ اس وقت یہ گروہ اپنے کارروائی شروع کرنے ہی والا تھا۔
کرایے کا گھر
اس سرنگ کا داخلی راستہ ایک کرایے کے گھر میں تھا۔ پولیس کے مطابق 16 افراد نے یہ سرنگ بنانے کے لیے سرمایہ کاری کی تھی۔
نہایت منظم
اس سرنگ میں داخلے کے لیے دو میٹر کی گہرائی تک ایک سیڑھی لگائی گئی تھی۔ سرنگ اندر سے ڈیڑھ میٹر اونچی تھی اور اس کو قائم رکھنے کے لیے آہنی سریوں اور لکڑی کا استعمال کیا گیا تھا۔ سرنگ کے اندر روشنی کے انتظام کے لیے بتیاں تک موجود تھیں۔
ہر شے موجود
سرنگ کا آغاز کرایے کے جس گھر سے ہو رہا تھا، وہاں خوراک، پانی، خصوصی لباس اور کھدائی کے آلات سب موجود تھے۔ اس گروہ نے چار ماہ تک کھدائی کا کام جاری رکھا۔
چوری پکڑی گئی
پولیس نے اس گروپ کے ارکان کو حراست میں لے لیا ہے اور عدالت کے مطابق مقدمے کی سماعت کے دوران یہ پولیس ہی کی حراست میں رہیں گے۔