1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بین الاقوامی افواج کارروائی بند کریں: افغان صدر کرزئی

12 مارچ 2011

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود بین الاقوامی افواج اپنے آپریشنز بند کر دیں۔ یہ بات انہوں نے نیٹو کے حملے میں ہلاک ہوئے نو بچّوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے وقت کہی۔

https://p.dw.com/p/10Y11
افغان صدر حامد کرزئیتصویر: PA/dpa

افغان صدر کرزئی نے ہفتے کے روز مشرقی صوبے کنڑ کے ایک علاقے میں نیٹو کے حملے میں ہلاک ہونے والے بچّوں کے خاندان والوں سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ وقار اور عجز کے ساتھ امریکہ اور نیٹو سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں اپنی فوجی کارروائیاں ختم کر دیں۔

Deutschland ISAF in Afghanistan
حال ہی میں نیٹو کے ایک حملے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے تھےتصویر: AP

پاکستان کا نام لیے بغیر حامد کرزئی نے کہا کہ نیٹو اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سرحد پار جا کے کریں کیوں کہ نو برس بیت چکے ہیں اور وہ بھی یہ بات جانتے ہیں کہ دہشت گردی کہاں سے ہوتی ہے۔

افغان صدر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان بہت صابر و شاکر ہوتے ہیں مگر اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

نیٹو کی جانب سے صدر کرزئی کے اس بیان پر کوئی تبصرہ اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔

NO FLASH NATO Hauptquartier in Brüssel
برسلز میں قائم نیٹو کا مرکزی دفترتصویر: picture alliance/dpa

قبل ا زیں افغان صدر نے کنڑ میں ہلاکتوں پر امریکہ کی جانب سے تاسف کو رد کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا تھا۔

دریں اثناء رواں برس جولائی سے نیٹو افواج کے مرحلہ وار انخلاء کے حوالے سے جمعے کے روز برسلز منعقدہ اجلاس میں نیٹو کے دفاعی وزراء نئے ضوابط پر متفق ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلاء سن دو ہزار چودہ تک مکمل کیے جانے کا اعلان نیٹو اور امریکہ کی جانب سے سامنے آ چکا ہے تاہم مغربی ممالک یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ افواج کا انخلاء افغانستان کے زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر ہی کیا جائے گا۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں