ترکی: زلزلے میں عمارت کی تباہی، ملزم کو 865 سال قید کی سزا
27 ستمبر 2024ترکی کی ایک عدالت نے گزشتہ برس ملک میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں منہدم ہونے والی ایک عمارت کی تعمیر کے زمہ دار شخص کو 865 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ عمارت فروری 2023 کے طاقتور زلزلے کے دوران منہدم ہو گئی تھی اور اس میں رہائش پذیر 96 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ چودہ منزلہ عمارت جنوبی ترکی کے شہر آدانا میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے دوران تباہ ہوئی تھی۔ اس عمارت کے رہائشیوں میں سے صرف ایک شخص زندہ بچا تھا۔
یہ رہائشی عمارت 1975 میں تعمیر کی گئی تھی۔ ترکی کی سرکاری انادولو نیوز ایجنسی کے مطابق جمعے کے روز کٹہرے میں موجود ملزم حسن الپرگن کو ''دانستہ طور پر ایک سے زیادہ افراد کی موت اور انہیں زخمی کرنے‘‘ کے جرم میں سزا سنائی گئی۔
ملزم الپرگن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک ہفتہ بعد خود کو پولیس کے حوالے کرنے سے پہلے، زلزلے کے دن ترک حمایت یافتہ شمالی قبرص فرار ہو گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ماہرین نے منہدم شدہ عمارت کے ستونوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس میں استعمال شدہ کنکریٹ کے معیار میں بھی سنگین خامیوں کی نشاندہی کی۔
الپرگن نے یہ کہتے ہوئے اپنا دفاع کیا کہ اس تعمیر کی منظوری حکام نے دی تھی۔ فروری 2023 کے زلزلے کے دوران منہدم ہونے والی عمارتوں کی تعمیر میں ملوث 260 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان میں سے چند ملزمان کی ترکی سے فرار ہونے کی کوششیں بھی ناکام بنا دی گئی تھیں۔
گرفتار شدگان میں سے متعدد کے خلاف رواں برس مقدموں کی سماعت کا آغاز ہو چکا ہے۔ خیال رہے کے گزشتہ برس فروری میں آنے والے ہولناک زلزلے میں مجموعی طور پر ترکی میں 53,500 سے زائد اور پڑوسی ملک شام میں تقریباً 6,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ش ر⁄ ع ا (اے ایف پی)