توقعات کے برخلاف پاکستان کو سڈنی میں شکست
6 جنوری 2010پاکستانی ٹیم میچ جیتنے کے لئے176کے معمولی ہدف کا تعاقب کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ عمر اکمل کے 49 رنز کے باوجود پوری ٹیم 139رنز پرڈھیرہوگئی۔
پہلی اننگز میں پاکستان کو آسٹریلیا پر206 رنز کی برتری حاصل تھی لیکن اس کے باوجود پاکستانی کپتان محمد یوسف میزبان آسٹریلیا پر دباوٴ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ دوسری اننگز میں محض257 کے سکور پر آسٹریلیا کے آٹھ اہم کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، لیکن پھر بھی یوسف نے دفاعی حکمت عملی اختیار کی جبکہ کامران اکمل نے چار آسان کیچ چھوڑ کر آسٹریلیا کی مشکلیں آسان کر دیں۔ آسٹریلوی بیٹسمین مائک ہسی نے بولر پیٹر سڈل کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں اپنی ٹیم کے لئے قیمتی 123 رنز جوڑے۔
آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 381 رنز بنائے اور اس طرح پاکستان کے سامنے جیت کے لئے 176 کا بظاہر آسان ہدف رکھا۔ مائک ہسی 134 رنز بناکر آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسری اننگز میں پاکستانی لیگ سپنر دانش کنیریا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، وکٹ کیپر کامران اکمل نے دانش کی بولنگ پر مائک ہسی کے تین آسان کیچ چھوڑے۔
سڈنی ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی بولرز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 127 پر آوٴٹ کر دیا تھا۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر حریف ٹیم پر 206 رنز کی برتری حاصل کی لیکن آخر میں تمام تر توقعات کے برخلاف میچ ہار گئی۔
ان فارم پاکستانی بولر محمد آصف نے سڈنی ٹیسٹ میں بھی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں چھ اور دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیم میں واپسی کے بعد آصف کی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل حالیہ سیریز میں محمد آصف نے 19 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز میں وہ اب تک 11 وکٹیں لے چکے ہیں۔
رپورٹ: خبر رساں ادارے/ گوہر نذیر گیلانی
ادارت: امجد علی