تھانے سے شراب و ديگر اشياء غائب، پوليس کے خلاف تفتيش
27 اکتوبر 2019جرمن رياست ہيسے کے ايک چھوٹے سے شہر بيشوفس ہائم ميں تقريباً تئیس پوليس اہلکاروں کا کسی اور تھانے تبادلہ کر ديا گيا ہے اور ان کے خلاف تحقيقات بھی جاری ہيں۔ يہ پيش رفت آٹھ تا دس ہزار يورو کی ماليت کی اشياء کی چوری کے بعد سامنے آئی ہے۔ رياستی صدر مقام ڈارم اشٹٹ ميں استغاثہ نے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پوليس کی جانب سے بھی کہا گيا ہے کہ محکمے نے تاديبی ايکشن لے ليا ہے۔
ہوا کچھ يوں کہ لگ بھگ دس ہزار يورو ماليت کا چوری کا سامان پچھلے سال بيشوفس ہائم کے ايک پوليس اسٹيشن ميں پوليس کی تحويل سے غائب ہو گيا۔ شراب، کاسميٹکس، شہد اور ديگر کئی اشياء کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ يہ سامان چوری کا تھا اور پوليس نے اپنی کارروائی کے بعد اسے تھانے ميں جمع کرا ديا تھا۔
اس بارے ميں رپورٹ سب سے پہلے جرمن اخبار بلڈ نے شائع کی تھی۔ اخبار نے اپنی رپورٹ ميں يہ بھی لکھا تھا کہ پوليس اسٹيشن ميں ايک نوٹس لگايا گيا تھا جس پر ہدايت درج تھی کہ جس کو جو چاہيے وہ لے جائے۔ سامان کو فروخت نہيں کيا گيا بلکہ بلا معاوضہ، ضرورت کے تحت لے جانے کی دعوت دی گئی تھی۔
ع س / ع ب، نيوز ايجنسياں