1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تہران میں فضائی آلودگی کے باعث آؤٹ ڈور کھیلوں پر پابندی

کشور مصطفیٰ30 دسمبر 2015

تہران میں گزشتہ دو ہفتوں سے فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافے کے سبب حکام نے بُدھ کو آؤٹ ڈور اسپورٹس پر پابندی عائد کرتے ہوئے ٹریفک قوانین میں نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HWEg
تصویر: picture alliance/Photoshot

گزشتہ تین برسوں میں آلودگی کی بدترین صورتحال کے پیش نظر سب سے بڑے شہر اور ملکی دارالحکومت تہران میں نرسریز اور پرائمری اسکول عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں اور تہران کے مزید چند علاقوں کو کاروں کے لیے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے یعنی ان علاقوں میں گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پیر کے مقابلے میں بدھ کے روز تہران ’ایئرکوالٹی انڈکس‘ دو پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 159 نمبر پر آ گیا۔ ہوا میں آلودگی کی یہ سطح عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کی طرف سے آلودگی کی مجوزہ بلند ترین سطح یعنی صفر تا 50 کی تین گنا بنتی ہے۔

تہران کے شمال مشرقی علاقے میں تو فضائی آلودگی ایئرکوالٹی انڈکس کی سطح کو عبور کرتے ہوئے 238 تک پہنچ گئی۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی IRNA کے مطابق 18 روز سے تہران کی فضائی آلودگی انتہائی خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ ایرانی اخباروں میں حکومتی اہلکاروں کے متضاد بیانات شائع ہو رہے ہیں جن میں ہر کوئی ان مسائل کا ذمہ دار ایک دوسرے کو قرار دے رہا ہے۔

Iran Ansicht der Smog-umhüllte Teheran
تہران کی سڑکوں پر نکلنا صحت کے لیے بہت مُضر ہو چُکا ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/V. Salemi

ایران کی ’ایمرجنسی ایئر پولیوشن کمیٹی‘ کے سیکرٹری محمد حیدرزادہ نے اس بارے میں اپنا بیان دیتے ہوئے کہا، ’’ہماری ترجیح تمام اسکولوں کو عارضی طور پر بند کرنا تھی تاہم وزارت تعلیم نے ہائی اسکولوں کو کُھلا رکھنے پر زور دیا کیونکہ وہاں فائنل ٹرم امتحانات ہو رہے ہیں۔‘‘

ایران میں موسم سرما کا ماحولیاتی آلودگی پر اُلٹؒا اثر ہو رہا ہے کیونکہ گاڑیوں سے ہونے والا گیسوں کا اخراج ہوا میں ہی موجود رہتا ہے اور کم درجہ حرارت کے سبب مزید اوپر نہیں جا پاتا۔

تہران میں ایک دہائی سے ایک ’سینٹرل ریسٹرکشن زون‘ یا مرکزی پابندی والا زون پایا جاتا ہے، جسے بُدھ کو توسیع کے ذریعے پورے شہر پر لاگو کر دیا گیا۔ تمام تر گاڑیاں جن کے نمبر پلیٹ طاق ہندوسوں پر ختم ہوتے ہیں وہ ہفتے، پیر اور بُدھ کے روز شہر سے باہر نہیں جا سکتیں جبکہ جفت ہندسوں پر ختم ہونے والے نمبر پلیٹ والی گاڑیاں ہفتے، منگل اور جمعرات کو تہران سے باہر نہیں جا سکتیں۔ دارالحکومت کی تمام ریت اور سیمنٹ فیکٹریاں جمعے تک بند رہیں گی جو ایرانی ہفتے کا آخری دن ہوتا ہے۔

Iran Ansicht der Smog-umhüllte Teheran
ایرانی دارالحکومت غبار اور دھوئیں سے چھپا ہواتصویر: picture alliance/Photoshot

تمام تر آووٹ ڈور اسپورٹس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جن میں پیشہ ور فُٹ بال لیگ میچ بھی شامل ہیں۔

ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق تہران کی سڑکوں پر آلودگی کے 80 فیصد کی ذمہ دار اس شہر کی سڑکوں پر دوڑنے والی پانچ ملین گاڑیاں اور قریب اتنی ہی موٹر سائیکلیں ہیں۔

ٹریفک پابندی والے دو مستقل زونز 1979 ء اور 2005 ء میں متعارف کرائے جا چُکے ہیں تاہم اس اقدام سے تہران کی فضائی آلودگی میں کوئی کمی نہ آ سکی ہے۔