تیراکی کے لیے دنیا کے نو خوبصورت ترین قدرتی مقامات
اس وقت دنیا بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ اگر آپ کسی جھیل، سمندر یا دریا سے دور بھی ہیں تو یہ تصاویر آپ کے لیے بصری تسکین کا باعث بنیں گی۔
میکسیکو کی اِک کِل سینوٹی
اس سے پہلے کہ آپ میکسیکو کے اِک کِل تالاب میں قدم رکھ سکیں آپ کو 85 فٹ نیچے اترنا پڑتا ہے۔ کئی صدیاں پہلے مایا تہذہب میں ایسے تالابوں یا زیرِ زمین جھیلوں کو پانی کا ذریعہ اور قربانی کے مقام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ اب یہ مشہور سیاحتی مقام ہے اور سوئمنگ کے لیے بہترین قدرتی مقام بھی۔
جرمنی کی والخن جھیل
یہ خوبصورت سبز اور نیلی جھیل باویریا کے وسط میں ہے۔ ہوا کی بہترین رفتار کی وجہ سے یہ جھیل ونڈ سرفرز کے لیے مشہور ہے۔ شدید گرمیوں میں یہاں کا انیس سینٹی گریڈ تک تک کا درجہ حرارت انسان کو ترو تازہ رکھنے کے لیے کافی ہے۔
زنجبار کی ساحلی جنت
زنجبار کے چمکدار ریتلے کناروں اور شفاف لہروں والے ساحل کو سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے۔ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود آپ بحر ہند کے اس علاقے میں تیراکی کے لیے متعدد پرسکون مقامات تلاش کر سکتے ہیں۔ تیراکی کرتے ہوئے خوبصورت مچھلیاں بھی ساتھ ساتھ تیرتی ہیں۔
امریکا کی ہاواسُو فالز
امریکا کے گرینڈ کینین نیشنل پارک میں واقع ہاواسُو فالز کے پانیوں تک پہنچنے کے لیے سولہ کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑتا ہے۔ لیکن اس قدر پیدل چلنا بے کار نہیں جاتا۔ ایک مرتبہ اس کے پانی میں اترنے کے بعد باہر نکلنے کو مشکل ہی سے دل کرتا ہے۔
سوئٹرزلینڈ میں ’الپس کا موتی‘
سوئٹزر لینڈ کے قدیم جنگلات کے بالکل وسط میں ’الپس کا موتی‘ واقع ہے۔ کاؤما جھیل کا سبزی مائل پانی اپنے اندر ٹھنڈک اور سکون لیے ہوئے ہے۔ اس جھیل تک پہنچنے میں صرف دو کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے اور یہاں سیاحوں کا بھیڑ نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔
بورا بورا میں لگثری تیراکی
اطراف سے ریتلے ٹیلوں میں گھرا ہوئے بورا بورا کا شمار فرانسیسی پولینیشیا کے لگثرری مقامات میں ہوتا ہے۔ اس علاقے میں پانی کے اوپر بنائے گئے چھوٹے چھوٹے گھر جوڑوں کے لیے بہترین مقام ہیں۔ یہاں آپ سوئمنگ اور غوطہ خوری بھی کر سکتے ہیں۔
کروشیا: کرکا نیشنل پارک کی آبشار
وسیع قدرتی تالاب، بہترین روشنی اور شور مچاتی ہوئی آبشار سوئمنگ کے لیے اسے ایک بہترین مقام بنا دیتی ہے۔ اس آبشار کو دریائے کرکا کا خوبصورت ترین مقام بھی قرار دیا جاتا ہے۔
مارشل جزائر پر قدرت کا کمال
پیسیفک کے وسط میں مارشل جزائر جمہوریہ واقع ہے۔ سفید ساحل، ناریل کے درخت اور شفاف پانی میں تیرتی ہوئی مچھلیاں انسان کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتی ہیں۔ یہاں پہنچ کر کوئی بھی ڈبکی لگائے بغیر نہیں رہ سکتا۔
کینیڈا کی جھیل لوئس
کینیڈا کے پہاڑوں میں واقع نیشنل پارک کی یہ جھیل سخت گرمی میں بھی بہت ٹھنڈی رہتی ہے۔ ان پہاڑوں پر جون کے آواخر تک برف جمی رہتی ہے۔ یہاں سوئمنگ کے لیے بھی ہمت درکار ہوتی ہے۔