1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیل کی آلودگی اور اُمید کی کرن

7 جون 2010

برطانوی کمپنی BP کا کہنا ہے کہ اُسے خلیج میکسیکو میں متاثرہ کنویں سے تیل کے بہاؤ کو روکنے میں ابتدائی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اِس طرح کی خبریں ساحلی علاقوں کے باسیوں کے لئے اُمید کی ایک کرن کی حیثیت رکھتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/NjtN
تصویر: AP

خلیج میسکسیکو میں تیل کی آلودگی پر غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اگرچہ اِس آلودگی کے امریکی ساحلوں تک پہنچنے کا سلسلہ اب کہیں جا کر شروع ہوا ہے تاہم آئل پلیٹ فارم ’ڈِیپ واٹر ہوریزن‘ کے حادثے کے سینتالیس روز بعد حالت یہ ہے کہ ہر طرف مردہ کچھوے اور ڈولفن مچھلیاں نظر آ رہی ہیں اور بڑی تعداد میں تیل سے لت پت پرندے ہیں، جنہیں بچانے کے لئے ہزاروں رضاکار مصروفِ عمل ہیں۔

Pelikan Ölpest Öl Golf von Mexiko
لُوئیزیانا کے ساحلوں پر تیل کی آلودگی کا شکار ایک براؤن پیلیکنتصویر: AP

اِس تمام تر ابتر صورتِ حال کے باوجود گزرے وِیک اَینڈ پر بی پی کے نائب صدر بوب فرائر سمندر کی تہہ میں بنے شگاف کو بند کرنے کے سلسلے میں جاری کام سے مطمئن تھے۔ اُنہوں نے بتایا:’’دھات سے بنی کیف، جو ہم نے اب شگاف کے اوپر نصب کی ہے، زیادہ سے زیادہ تیل کو کسی ٹینکر میں ذخیرہ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔ ہم اِس پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ دنوں کے دوران مزید کامیابی حاصل کریں گے۔

یہ ابتدائی کامیابی اُمید کی ایک کرن کی مانند ہے لیکن اِس پر کوئی بھی شخص خوشی کا اظہار نہیں کر سکتا۔ اُس کی وجہ یہ ہے کہ اگرچہ بی پی اپنے نئے نظام کے ذریعے روزانہ دَس ہزار بیرل یعنی کنویں سے بہنے والے تیل کی غالباً آدھی سے زیادہ مقدار کو آئل ٹینکروں میں بھرنے میں کامیاب ہو رہی ہے لیکن دوسری طرف اِس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ابھی بھی روزانہ لاکھوں لیٹر تیل کے بہنے کا سلسلہ جاری ہے۔

USA Ölpest Golf von Mexiko toter Fisch
تیل کی مہلک تہہ کی شکار ایک چھوٹی مچھلیتصویر: AP

آلودگی سے متاثرہ خطے میں بی پی کے ماہرین پر تھَیڈ اَیلن نظر رکھے ہوئے ہیں، جو امریکی صدر باراک اوباما کے خصوصی مُشیر ہیں۔ وہ بتاتے ہیں:’’بی پی کو کچھ کامیابی حاصل ہو رہی ہے لیکن جب تک تیل کا بہاؤ جاری ہے، یہ کامیابی باعثِ اطمینان نہیں ہو سکتی۔ تیل گھات لگا کر بیٹھا ایک ایسا دشمن ہے، جو ہمارے ساحلوں پر حملہ آور ہو رہا ہے اور جس نے ہماری خلیج کو یرغمال بنا لیا ہے۔‘‘

تھَیڈ ایلن نے بتایا کہ واشنگٹن حکومت کے اندازوں کے مطابق تیل کی آلودگی ابھی مہینوں جاری رہے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سمندر اور ساحلوں کو آلودگی کے بڑے اثرات سے پاک کرنے کا کام کم از کم موسمِ خزاں تک جاری رہے گا۔

اُدھر بی پی کی مجلسِ عاملہ کے سربراہ ہے وَرڈ نے گزرے وِیک اَینڈ پر ایک اخباری انٹرویو میں ایک بار پھر یہ وعدہ کیا کہ اُن کا ادارہ شگاف کو بند کرے گا، سمندر کو تیل سے صاف کرے گا اور آلودگی کے تمام منفی اثرات کو ختم کرے گا۔ بی پی نے آج پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک یہ ادارہ خلیج میکسیکو میں تیل کی آلودگی ختم کرنے پر 1.25 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک