1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان: سابق وزیر اعظم شینزو آبے کا متنازعہ سرکاری جنازہ

27 ستمبر 2022

آبے کی متنازعہ سیاسی زندگی کی طرح سرکاری سطح پراس سابق وزیراعظم کی آخری رسومات بھی عوامی مخالفت کے سبب تنازعے کا شکار رہیں۔ حکمران جماعت کے یونیفیکیشن چرچ کےساتھ مبینہ تعلقات سخت عوامی ردعمل کا باعث بنے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4HPjl
Staatstrauerakt für Japans Ex-Premier Abe
تصویر: Takashi Aoyama/REUTERS

جاپان کے مقتول وزیرا عظم شینزو آبے کی آخری رسومات سرکاری سطح پر ادا کردی گئی ہیں۔ منگل کے روز پھولوں، دعاؤں اور انیس توپوں کی سلامی کے ساتھ سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔  یہ گزشتہ 55 سالوں میں کسی بھی وزیر اعظم کے جنازے کے لیے سرکاری سطح پر منعقد کی گئی پہلی تقریب تھی۔ تاہم آبے کے لیے منعقدہ یہ تقریب بھی اتنی ہی متنازعہ بن گئی تھی جتنی ان کی سیاسی زندگی متنازعہ تھی۔  

اس تقریب کا آغاز مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ہوا۔  آبے کی راکھ  ان کی اہلیہ وسطی ٹوکیو کے نپون بوڈوکن ہال میں ایک فوجی بینڈ کی موسیقی کی گونج اور اعززی گارڈ کی سلامی کے دوران لے کر آئیں ۔ جاپان کی حکمران جماعت کے اہم ارکان کے علاوہ وزیراعظم  فومیوکیشیدا نے اس موقع پر آبے کو اپنی تقریر میں خراج تحسین پیش کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں سوگوار ان  آخری رسومات ادا کرنے کے لیے صبح سویرے سے ہی پنڈال کے قریب مخصوص مقامات پر جمع ہوگئے تھے۔

چند گھنٹوں کے اندر اندر وہاں تقریباﹰ 10ہزار لوگوں کو تعزیت کے لیے پھول رکھتے ہوئے دکھایا گیا اور شدید گرم موسم کے باوجود بہت سے لوگ تین گھنٹے طویل قطاروں میں انتظار کر رہےتھے. ٹوکیو کی ایک 63 سالہ خاتون خانہ یوشیکو کوجیما کا کہنا تھا، ’’میں جانتی ہوں کہ یہ تقسیم کرنے والا ہے اور بہت سے لوگ اس کے خلاف ہیں۔ لیکن پھول پیش کرنے کے لیے بہت سارے لوگ قطار میں کھڑے تھے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’میں نے محسوس کیا کہ اب  اصل میں آخری رسومات ادا کی جارہی ہیں، بہت سےلوگ ان (آبے)کے لیے دعا کرنے  باہر نکلےہیں۔‘‘

Japan | Staatsbegräbnis Shinzo Abe
چند گھنٹوں کے اندر اندر تقریباﹰ 10ہزار لوگوں کو تعزیت کے لیے پھول رکھتے ہوئے دکھایا گیاتصویر: Pool/Yomiuri Shimbun/AP/picture alliance

آٹھ جولائی کو ایک انتخابی ریلی میں آبے کے قتل نے حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے قانون سازوں  اور یونیفیکیشن چرچ کے مابین تعلقات کے بارے میں انکشافات کا ایک سیلاب برپا کر دیا تھا۔ یونیفیکیشن چرچ کو اس کے ناقدین ایک فرقہ کہتے ہیں اور حکمران جماعت کے اس چرچ کے ساتھ روابط کے انکشافات  موجودہ وزیر اعظم فومیو کیشیداکے خلاف سخت ردعمل کا باعث بنے ہیں۔

اس تنازعے کی وجہ سے کیشیدا کی عوامی حمایت کی درجہ بندی اب تک کی سب سے کم سطح پر آگئی ہے۔ جاپانی وزیر اعظم  نے اس معاملے پر معافی مانگی ہے اور چرچ سے پارٹی کے تعلقات منقطع کرنے کا عہد کیا ہے۔ تاہم آبے کے سرکاری جنازے کی مخالفت پہلے سے ہی کی جارہی تھی اور اس میں شدت کی ایک وجہ  عام شہریوں کے لیےمعاشی مشکلات کی اس گھڑی میں مقتول سابق وزیر اعظم کے جنازے پر سرکاری خزانے سے ساڑھے گیارہ ملین ڈالر کے اخراجات تھے۔

منقسم کرنے والی شخصیت

جاپان کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والے شینزو آبےایک تقسیم کرنے والی شخصیت تھےجو اسکینڈلوں  کی زد میں رہے۔ ایک قوم پرست رہنما کے طور پر آبے نے ملک کو ایک ایسی دفاعی  پوزیشن میں دھکیل دیا جو اب بہت سے لوگ چین سے متلعق تشویش پر ایک پیش بندی کے طور پر دیکھتے ہیں ، لیکن بہت سے دوسرے اسے سخت گیر پوزیشن قرار دے کر نتقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

Staatstrauerakt für Japans Ex-Premier Abe
امریکی نائب صدر کملا ہیرس شینزو آبے کے جنازے میں شرکت کرنے والے غیرملکی رہنماؤں میں شامل تھیںتصویر: Eugene Hoshiko/AP/picture alliance

آبے کے سرکاری جنازے کی تقریب میں تقریباﹰ 4300 افراد نے شرکت کی۔ ان میں امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کم از کم 48 موجودہ یا سابق سرکاری شخصیات شامل تھیں ۔ اس  تقریب میں حفاظت کے لیے  20 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ آس پاس کی سڑکوں  اور یہاں تک کے کچھ اسکول بھی بند کردیےگئے تھے کیونکہ جاپان نے سیکیورٹی کی ان غلطیوں سے بچنے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے آبے کو ایک گھریلو بندوق سے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہآبے کے مشتبہ قاتل نے یونیفکیشن چرچ کو اپنےخاندان کی غربتکے لیے زمہ دار ٹھہرایا تھا۔

1967 ء کے بعد آبے وہ پہلےوزیر اعظم ہیں جن کا جنازہ سرکاری طور پر کیا گیا۔ اس جنازے کو سرکاری سطح پر منعقد کرنے کے فیصلے کی وضاحت کرے ہوئے وزیراعظم کیشیدا کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد آبے کی جمہوریت کے لیے خدمات اور ان کی کامیابیوں کو سراہانا تھا۔ تاہم اس جنازےکے سرکاری انعقاد پر جاپان میں تقسیم پائی جاتی ہے۔ ایک ٹی وی سروے کے مطابق صرف 30فیصد جاپانیوں نے آبے کے سرکاری سط‍ح پر جنازے کی حمایت کی جبکہ اس کے مقابلے میں 53 فیصد نے اس عمل کی مخالت کی ۔

ش ر ⁄ ر ب (روئٹرز)