’جاپان کا بھی یونان جیسا حال ہوسکتا ہے‘
12 جون 2010گزشتہ منگل کے روز اپنی نئی حکومتی ذمہ داریاں سنبھالنے والے نو منتخب وزیر اعظم نے یہ بات ملکی پارلیمان سے اپنے پہلے خطاب میں کہی۔ ان کے بقول دنیا کی یہ دوسری سب سے بڑی معیشت مسلسل بڑھتے ہوئے مالی خسارے کو مزید برداشت نہیں کر سکتی۔ جاپانی معیشت پہلے ہی کم اور بوڑھی ہوتی جا رہی آبادی کے باعث دباؤ میں ہے۔ جاپان کی معاشی صورتحال اگرچہ یونان سے تو بہت زیادہ بہتر ہے تاہم نئے جاپانی وزیر اعظم کے حالیہ بیان کو ان کی نئی پالیسیوں کے ضمن میں دیکھا جارہا ہے۔
کئی دہائیوں تک بے پناہ اخراجات اور کم ٹیکسوں کے باعث جاپان کے ذمے ریاستی قرضے اس کی مجموعی قومی پیداوار سے تقریباً دوگنا ہو چکے ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطابق جاپانی بجٹ میں سالانہ خسارہ ترقی یافتہ ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
اپنے خطاب میں نااوتو کان نے قانون سازوں کو خبردار کیا کہ اگر ٹوکیو حکومت نے سرکاری بانڈز کے اجراء کا سلسلہ موجودہ رفتار سے جاری رکھا تو ملک دیوالیہ پن کے دہانے پر آ کھڑا ہو گا۔ مبصرین کے مطابق نااوتو کان مارچ 2012ء تک 44 ٹریلین ین مالیت کے حکومتی بانڈز کے اجراء کی حد مقرر کر دیں گے۔
نااوتوکان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے خسارے پر فوری طور پر قابو نہں پایا جاسکتا بلکہ اس کے لئے ایک جامع منصوبے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں وزیر خزانہ رہ چکنے والے نااوتوکان نے وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر منگل کو سنبھالی تھیں۔
انہوں نے مالیاتی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مالی معاملات کا از سر نو جائزہ لینے کا عزم کر رکھا ہے۔ جاپان میں پارلیمان کے ایوان بالا کے لئے گیارہ جولائی کو انتخابات ہو رہے ہیں اور شاید اسی وجہ سے نئے وزیر اعظم نے اپنے منصوبوں کی زیادہ وضاحت بھی نہیں کی۔ مبصرین کے مطابق قوی امکان ہے کہ نااوتوکان محصولات میں اضافہ کردیں گے۔ اسی لئے ان انتخابات سے قبل وہ رائے دہندگان کو ناراض کرنے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔
مالیاتی امور کے بعض مبصرین البتہ نااوتوکان پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ موجودہ صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔ کریڈٹ سوئس جاپان نامی مالیاتی ادارے کے چیف اکانومسٹ ہیرومیشی شراکاوا کے بقول جاپان تجارتی منافع کا حامل اور دوسری ریاستوں کو قرضے دینے والا ایک بڑا ملک ہے جبکہ یونان کو خطیر مالیت کے ملکی اور بیرونی قرضوں کا سامنا ہے۔ اسی لئے ان دونوں ملکوں کا موازنہ کرنا مناسب نہیں۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: مقبول ملک