جب قدرت کو غصہ آئے، بہت زیادہ غصہ آئے
ہر سال لگ بھگ دس ہزار افراد زلزلوں کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔ زلزلے کبھی سونامی کا باعث بنتے ہیں تو کبھی بڑے پیمانے پر تباہی مچا دیتے ہیں۔ ایک نظر پچھلی صدی کے طاقت ور زلزلوں پر۔
حالیہ تاریخ میں ریکارڈ کیے جانے والا سب سے زیادہ طاقت ور زلزلہ
حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ طاقت ور زلزلہ لاطینی امریکی ملک، چلی میں سن 1960 میں آیا تھا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 9.5 ریکارڈ کی گئی تھی اور یہ لگ بھگ دس منٹ تک جاری رہا تھا۔ اس زلزلے کے باعث 5700 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور زلزلے کے نتیجے میں آنے والے سونامی نے جاپان میں 130 اور امریکی ریاست ہوائی میں 61 افراد کی جان لے لی تھی۔ اس تصویر میں چلی کے صوبے ولدیوا کے مناظر ہیں۔
گڈ فرائی ڈے زلزلہ
سن 1964 میں امریکا میں ’الاسکن ارتھ کوئیک‘ کو امریکی تاریخ کا سب سے طاقت ور زلزلہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ زلزلہ 27 مارچ کو گڈ فرائی ڈے کے روز آیا تھا۔ اس زلزلے اور اس کے بعد آنے والے سونامی کے باعث 139 افراد ہلاک ہوئے تھے۔s.
جاپان کا سب سے تباہ کن زلزلہ
سن 2011 میں شمال مشرقی جاپان میں 9.1 شدت کے زلزلے نے بہت بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں 18500 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس نے فوکوشیما کے جوہری پلانٹ کو بھی متاثر کر دیا تھا۔ اسے گزشتہ چوتھائی صدی کا سب سے تباہ کن جوہری حادثہ قرار دیا گیا تھا۔.
2004 کا بحر ہند کا زلزلہ
زیر سمندر 9.1 شدت کے اس زلزلے کے باعث آنے والے سونامی سے 14 ممالک میں 280000 افراد ہلاک ہوئے۔ حالیہ تاریخ میں اسے سب سے تباہ کن زلزلہ قرار دیا جاتا ہے۔.
کمچاٹکا زلزلہ
سن 1952 میں مشرقی روس میں 9.0 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں 2300 افراد ہلاک ہوئے۔
چلی میں زلزلہ
فروری 2010 میں وسطی چلی میں 8.8 شدت کے زلزے کے باعث 450 افراد ہلاک ہو گئے۔ ساحلی حصے پر شدید تباہی سے مقامی مچھیروں کو 66.7 ملین امریکی ڈالر کا نقصان پہنچا تھا۔.
1976ء میں چین میں زلزلہ
28 جولائی سن 1976 کو چین میں 7.4 شدت کا زلزلہ صنعتی شہر تانگشان میں 242000 ہلاکتوں کا باعث بنا۔ .
ہیٹی زلزلہ
12 جنوری سن 2010 میں ہیٹی میں ایک طاقت ور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی تھی۔ اس زلزلے کی شدت سے کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی اور اس قدرتی آفت کے نتیجے میں دو لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔.