جدید پولورائیڈ کیمرہ، ماضی کی روایت کا تسلسل
پولورائیڈ کیمرے کو ستّر برس قبل متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے تخلیق کار ایڈوِن لینڈ تھے۔ اس کیمرے نے فوٹوگرافی کے انداز کو تبدیل کر دیا تھا۔ گزشتہ ایک عشرے میں یہ کیمرے دوبارہ دیکھنے میں آنے لگے ہیں۔
فوری تصویر کے کیمرے کا تخلیق کار
چھبیس نومبر سن 1948 کو ایڈون لینڈ (تصویر میں بائیں جانب) نے فوری طور پر تصویر بنانے والے کیمرے کو متعارف کرایا تھا۔ یہ بوسٹن شہر کے جورڈن مارش اسٹور پر فروخت کے لیے رکھا گیا تھا۔ ایڈون لینڈ کی کمپنی نے بعد میں بھی پولورائیڈ کیمرے بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ لینڈ نے یہ کیمرہ اپنی بیٹی کی خواہش پر بنایا جو فوری طور پر اپنی بنائی ہوئی تصویر دیکھنا چاہتی تھی۔
ایڈون لینڈ کے کیمرے آج بھی محبوب ہیں
ایڈون لینڈ کی کمپنی پولورائیڈ نے سن 1983 تک جو کیمرے مارکیٹ میں پیش کیے، اُن پر ’لینڈ‘ کا نام درج تھا۔ یہ نام سن 1982 سے ہٹا دیا گیا کیونکہ ایڈون لینڈ نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن اُن کے ابتدائی کیمرے کی طلب بدستور قائم ہے۔
کیمرے میں چوکور لینز
یہ امر اہم ہے کہ پرانے پولورائیڈ کیمرہ ’کولیکٹرز آئٹمز‘ میں شمار کیا جاتا ہے۔ فوری تصویر بنانے والے پولورائیڈ کیمرے کے جدید ماڈل بھی دستیاب ہیں۔ ستمبر سن 2014 میں اس کیمرے میں مکعب لینز نصب کیا گیا جس کا استعمال اب بھی جاری ہے۔
ماضی اور حال کا بہترین مجموعہ
سن 2014 ہی میں ’پولورائیڈ سوشل میٹک‘ کو متعارف کرایا گیا۔ اس میں پرانے پولورائیڈ کیمرے کے ساتھ وائی فائی اور اینڈروئیڈ کی سہولت دی گئی تا کہ تصاویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا جا سکے۔ اس پیش رفت کو ایک نیا تجربہ قرار دیا گیا۔
کریڈٹ کارڈ جتنی فوٹو
فیوجی فلم کارپوریشن نے اپنا پولورائیڈ طرز کا کیمرہ ’انسٹیکس مِنی سیونٹی’ سن 2015 میں مارکیٹ کیا۔ اس کیمرے میں مرکزی آبجیکٹ کے ساتھ ساتھ پس منظر کو بھی قدرتی روشنی میں آٹو فوکس کے ساتھ فوری طور پر پرنٹ کرنے کی صلاحیت شامل کی گئی۔ اس کیمرے میں سیلفی شاٹ، گروپ کی ٹائمر کے ساتھ تصویر بنانے کے فنکشنز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ایک نئے دور کا پولورائیڈ کیمرہ
سن 2017 میں پولورائیڈ کمپنی نے قدیم و جدید کے امتزاج کا کیمرہ صارفین کے لیے پیش کیا۔ اس کا نام ’ون اسٹیپ ٹُو‘ رکھا گیا۔ یہ کیمرہ اپنے نام کی عملی تصویر ہے۔ یہ پولورائیڈ کمپنی کے کیمرے ’ون اسٹیپ‘ کی جدید شکل ہے۔ اس میں اعلیٰ معیار کے لینز اور طاقتور فلیش لائٹ بھی نصب کی گئی ہے۔ فوٹو گرافی کے شائقین اور صارفین نے اسے خاصا پسند کیا ہے۔