جرمنی سمیت دنیا بھر کے کارنیوال
جرمنی میں کارنیوال سیزن کو ملک کا پانچواں موسم بھی کہا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں اس برس ہونے والے کارنیوال اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام کی طرف رواں ہیں۔
ریوڈی جینرو، برازیل:
نیم عریاں لباس، چمک دمک اور سامبا کی دھنوں پر دیوانہ وار رقص، ریو میں ہونے والے کارنیوالکی وہ خصوصیات ہیں جو اسے دنیا کے سب سے مشہور جشن کا درجہ دیتی ہیں۔ اس کارنیوال کو دیکھنے کے لیے 90 ہزار سے زائد شائقین پہلے اسے سامبا اسکولز کی پریڈ میں دیکھنے آتے ہیں۔ جس کے بعد یہ جشن گلی کوچوں میں منایا جاتا ہے جسے دیکھنے لاکھوں کا مجمع امڈ آتا ہے۔
بولیویا:
بولیویا میں کارنیوال سطح سمندر سے 3700 میٹر بلندی پر واقع صوبائی دارالحکومت اوروہرو میں منعقد ہوتا ہے۔ ہاتھوں سے بنائے گئے ماسک اور روایتی ملبوسات اس جشن کا خاصہ ہیں۔ تین دن تک جاری رہنے والے اس جشن میں نیکی اور بدی کی علامتی جنگ کی منظر کشی کی جاتی ہے۔
نیو اورلینز، امریکا:
جاز میوزک کی مسحورکن دھنوں کے درمیان منایا جانے والا ’ماردی گرا‘ کارنیوال منگل کے روز منایا جاتا ہے۔ اس کارنیوال کی خصوصیات میں انتہائی خوبصورتی سے سجائے گئے فلوٹس، خوبصورت کاسٹیومز اور جاز میوزک کی دھنوں پر رقص شامل ہے۔
پورٹ آف اسپین:
ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو میں پہلی بار 1286 میں کارنیوال منایا گیا تھا۔ یہاں گنڈولا کشتیوں کو نہایت خوبصورتی سے سجا کر نہروں میں ان کی پریڈ منعقد ہوتی ہے۔ یہاں کی سڑکوں پر چہروں پر ماسک چڑھائے لوگ اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر کارنیوال کے جشن میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔
کینیڈا:
کینیڈا کےسرمائی فیسٹیول میں Bonhomme کارنیوال خاص درجہ رکھتا ہے۔ منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ میں منائے جانے والے اس جشن کے دوران برانڈی، ووڈکا اور شیری جیسی شرابوں کا کاکٹیل یہاں لطف اندوز ہونے والوں کا خون گرماتا ہے۔ اس فیسٹول میں مختلف اسپورٹس مقابلے اور پریڈز منعقد ہوتی ہیں جو بڑی تعداد میں لوگوں کی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔
آئیوری کوسٹ:
ہر سال اپریل میں ہونے والے اس کارنیوال میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں۔ اس کارنیوال کو پوپو یعنی ماسک کارنیوال بھی کہا جاتا ہے جس میں ہم جنس پرست مرد و خواتین بھی ماسک پہن کر حصہ لیتے ہیں۔ گو کہ اس ملک میں ہم جنس پرستی غیر قانونی نہیں تاہم یہ اب بھی یہاں ایک ممنوعہ موضوع ہے تاہم اس دن اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر ہزاروں افراد جشن کی رنگینیوں میں شریک ہوتے ہیں۔
مائنز، جرمنی:
جرمنی میں کارنیوال سیزن کے دوران خواتین کا کارنیوال ڈے منایا جاتا ہے جس میں خواتین مردوں کی ٹائی کاٹ کر انہیں بوسہ دیتی ہیں۔ دریائے رائین کے کناروں پر ہونے والے یہاں کے اسٹریٹ کارنیوال رنگوں اور مستیوں سے بھرپور ہوتے ہیں۔ پھر اس جشن میں سیاسی رنگ بھی نظر آتا ہے جب طنزیہ موجوع پر مبنی فلوٹس نکالے جاتے ہیں۔