1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میچ بھی ہارا اور کلوزے کو بھی

18 جون 2010

سربیا نے فیفا ورلڈ کپ کی اسٹار ٹیم جرمنی کو ایک صفر سے شکست دی جبکہ سلووینیہ اور امریکہ کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ جرمن شائقین اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر بہت مایوس ہیں۔

https://p.dw.com/p/Nx3G
تصویر: AP

جرمن تماشائیوں کا جوش بھی وہی تھا اور بھرپور جذبے کے ساتھ انہوں نے اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی بھی کی لیکن جرمن فٹ بال ٹیم سربیا کے خلاف ویسا کھیل پیش نہ کر سکی، جیسا اس نے آسٹریلیا کے خلاف کیا تھا۔ اپنے پہلے میچ میں جہاں جرمنی نےآسٹریلیا کو ہرشعبے میں چت کر دیا تھا، وہیں دوسرے میچ میں خود جرمن کھلاڑی سربیا کے خلاف بے بس نظر آئے۔ سربیا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے اختتام پر جرمن کپتان فلپ لاہم نے کہا کہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کسی بھی ٹیم کے خلاف کھیلنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے کھیل کی تعریف کی۔ سربیا کی جانب سے میلان یانووچ نے اڑتیسویں منٹ میں میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کیا۔ میچ کے آغاز سے ہی سربیا نے جرمنی کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔ جرمن کھلاڑیوں کلوزے اور خادیرا کو شروع میں ہی ریفری نے وارننگ دی تھی تاہم کھیل کے سینتیسویں منٹ میں فاؤل کرنے کی وجہ سے انہیں گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا۔

WM Südafrika 2010 Deutschland vs Serbien Flash-Galerie
جرمن شائقین اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر بہت مایوس ہیںتصویر: AP

کھیل کے آخری لمحات تک جرمن کوچ یوآخم لوو نے تبدیلیوں کے ذریعے جرمنی کی طرف سے گول کو یقینی بنانے کی کوششیں تو کیں، اوراس کے لئے ماریو گومیز اور کاکاؤ کو بھی میدان مییں بھیجا، لیکن کوئی بھی کھلاڑی فٹ بال کو سربیا کے گول کے اندر پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

WM Südafrika 2010 Deutschland vs Serbien Flash-Galerie
جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ سربیا کے خلاف مقابلہ مشکل ہو گاتصویر: AP

میچ کے دوران جرمن ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے، حتیٰ کہ ایک پینلٹی کک پربھی لوکاس پوڈولسکی گول نہ کرسکے۔ جرمنی کھلاڑی باستیان شوائن شٹائگراگلے میچ کے لئے بک ہو گئے۔ بہرحال جرمنی کی مجموعی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔

WM Südafrika 2010 Slowenien vs USA Flash-Galerie
امریکہ نے لووینیہ کے خلاف شاندار کھیل کا مظایرہ کیاتصویر: AP

جرمن ٹیم میں دوسرے میچ کے لئے نہ تو کھلاڑیوں میں اور نہ ہی ان کی پوزیشنوں میں کوئی تبدیلی کی گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق سربیا کے خلاف میچ اس وجہ سے بھی بہت اہم تھا کیونکہ اب جرمن ٹیم پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے اور یوآخم لوو کی ٹیم کو اگلے ہفتے بدھ کے روز گھانا کے خلاف اپنا میچ جیتنا ہو گا تاکہ وہ اس ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ سکے۔ فیفا عالمی کپ کے پہلے میچ میں ہنگامہ خیزآغاز کے باعث جرمن ٹیم سے جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں، وہ یکدم ختم ہو گئیں۔ جرمنی میچ بھی ہارا اور میروسلاو کلوزے کو بھی۔

آج پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرا میچ سلووینیہ اور امریکہ کے درمیان کھیلا گیا۔ دو دو گولوں کے ساتھ ہی میچ برابر رہا۔ ماہرین نے اس میچ کو ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے اچھا میچ قراردیا ہے۔ میچ کی ابتداء میں سلووینیہ کو دو گولوں کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ تاہم دوسرے ہاف میں امریکہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نا صرف برتری کو برابر کیا بلکہ سلووینیہ کی ٹیم کو شدید دباؤ میں رکھا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : مقبول ملک