1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں شامی مہاجر بچوں پر حملہ

8 اکتوبر 2016

مشرقی جرمنی میں نوجوانوں کے ایک گروہ نے تین شامی بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس کے مطابق چاقوؤں سے مسلح ان افراد نے ان بچوں کو ہراساں کرتے ہوئے دائیں بازو کے انتہا پسندانہ نعرے بھی بلند کیے۔

https://p.dw.com/p/2R2Io
Deutschland Polizeieinsatz in Chemnitz
تصویر: picture-alliance/dpa/B. März

خبر رساں ادارے روئٹرز نے جرمن پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کی شام مشرقی شہر ڈریسڈن سے پچیس کلومیٹر دور واقع زیبنٹِس نامی شہر میں تین شامی مہاجر بچوں کو مارا پیٹا گیا۔ اس دوران مبینہ طور پر دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ان انتہا پسندوں نے نعرے بازی کی اور چاقو بھی لہرائے۔

جرمنی کے شہر باؤٹسن میں پناہ گزینوں اور جرمن انتہا پسندوں میں تصادم
جرمنی میں مسلمانوں کو پناہ دینے پر فوری پابندی کا مطالبہ

’جرمنی مہاجرین کی پناہ گاہوں کے تحفظ میں ناکام ہو رہا ہے‘

پولیس نے بتایا ہے کہ جن مہاجر لڑکوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، ان کی عمریں پانچ، آٹھ اور گیارہ برس ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا، جب یہ بچے ایک بس سے اترے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

زیبنٹِس کی پولیس کے ترجمان نے فوری طور پر تصدیق نہیں کی کہ حملہ آوروں کی قومیت کیا ہے۔ پولیس کے بیان کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آور کون تھے۔

پولیس کے مطابق جہاں تشدد کا یہ واقعہ رونما ہوا تھا، وہاں نزدیک ہی پندرہ تا بیس برس کے کچھ نوجوان دیکھے گئے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا وہ اس حملے میں ملوث تھے۔

یورپ کو درپیش مہاجرین کے بحران میں گزشتہ برس ایک اعشاریہ ایک ملین مہاجرین جرمنی پہنچے۔ اس وجہ سے بالخصوص جرمنی کے مشرقی علاقوں میں یہ خوف پایا جاتا ہے کہ بڑی تعداد میں مہاجرین کی جرمنی آمد کے باعث جرمنوں کی مقامی ثقافت اور مذہب کو خطرات کو لاحق ہو سکتے ہیں۔

Deutschland Dresden Pegida Demonstration
مشرقی جرمنی میں مہاجرین مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہےتصویر: Getty Images/AFP/C. Koall

مہاجرین کے اسی بحران کی وجہ سے جرمنی میں مہاجرت مخالف سیاسی پارٹی اے ایف ڈی کی بالخصوص جرمنی کے مشرقی علاقوں میں عوامی حمایت میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ جرمنی کے مشرقی حصے میں بے روزگاری مغربی حصے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔