جرمنی کی ٹیکسوں کی مد میں امسالہ آمدنی 732 ارب یورو سے زائد
11 مئی 2017وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے جمعرات گیارہ مئی کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملکی حکومت کے ٹیکسوں کی مد میں ہونے والی سالانہ آمدنی کا اندازہ لگانے والے مالیاتی ماہرین کے ورکنگ گروپ نے بتایا ہے کہ رواں سال جرمنی کو ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقوم گزشتہ مالیاتی اندازوں کی نسبت 7.9 ارب یورو زیادہ ہوں گی۔
اس کے علاوہ آئندہ برسوں میں اس مد میں ریاست کے پاس جمع ہونے والے مالی وسائل میں ہر سال مسلسل اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ ریاست کے لیے ٹیکس انکم کا اندازہ لگانے والے ورکنگ گروپ نے بتایا کہ امسالہ آمدنی گزشتہ برس کے مقابلے میں تو زیادہ ہی ہو گی لیکن وہ سال رواں کے لیے لگائے گئے پچھلے اندازوں سے بھی تجاوز کر جائے گی۔
مزید یہ کہ 2018ء میں اس ریاستی آمدنی میں مزید 5.6 ارب یورو کا اضافہ ہو گا اور یہ رجحان 2021ء تک اس طرح جاری رہے گا کہ تب سرکاری خزانے کو ٹیکسوں سے ہونے والی یہ سالانہ آمدنی 850 ارب یورو کی حد بھی پار کر جائے گی۔
وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق اس بہت حوصلہ افزا مالیاتی پیش رفت کا سبب جرمن معیشت کی سالانہ کارکردگی میں وہ بہتری اور استحکام بنیں گے، جن کے اشارے مزید واضح ہوتے جا رہے ہیں۔ اس اقتصادی ترقی میں مسلسل بڑھتی ہوئی جرمن برآمدات بھی بہت اہم کردار ادا کریں گی۔