جرمنی کے سرکاری قرضے کا حجم دو ٹریلین یورو سے زائد
18 اپریل 2012جرمنی کے مرکزی بنڈس بینک (Bundesbank) نے بتایا ہے کہ سرکاری قرضوں کے حجم میں 32 بلین یورو کے اضافے کے ساتھ یہ دو ٹریلین سے بڑھ گیا ہے۔ مجموعی طور پر سرکاری قرضے کا حجمم تقریباً 2.09 ٹریلین یورو ہے۔ دو ٹریلین یورو سے زائد کے مجموعی حکومتی قرضے میں وفاقی، ریاستی اور لوکل حکومتوں کی جانب سے قرضوں کا حصول شامل ہے۔ اس میں سوشل سکیورٹی فنڈ کی رقوم بھی شامل ہیں۔ جرمن پبلک قرضے کے حجم میں اضافے کی ایک بڑی وجہ یورو زون ملکوں کے امدادی پیکج کے لیے بیس ارب یورو کی فراہمی بھی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مالیاتی اداروں اور منڈیوں کو تقویت دینے کے لیے 291 بلین یوروکی ترسیل بھی شامل ہے۔
جرمن وفاقی بنڈس بینک کے مطابق جرمن قرضے کا حجم اس وقت مجموعی قومی پیداوار کے 81.2 فیصد کے برابر ہے۔ بنڈس بینک کے مطابق مجموعی قومی پیداوار کے مقابلے میں جرمن قرضے کا پہلے حجم 83 فیصد تھا جو اب کم ہو گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ یہ شرح یورپی یونین کی مخصوص سطح سے کافی زیادہ ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے اس مد میں ملکی قرضوں کی شرح کی انتہائی حد مجموعی قومی پیداوار کا 60 فیصد مقرر ہے۔ جرمنی اس وقت یورپی یونین میں کفایت شعاری اور بچتی پروگراموں کی مہم کا سرخیل بھی ہے۔
ادھر جرمن حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ برلن حکومت کی خواہش ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (International Monetary Fund) کی جانب سے مختلف ملکوں کو قرضے کی فراہمی کے قائم شدہ فنڈ میں موجود رقم ایک ٹریلین ڈالر تک ہونی چاہیے۔ اگر ایسا ممکن ہوتا ہے تو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے خزانے میں چار سو بلین ڈالر کا اضافہ ہو گا۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اپنے خزانے سے اب تک تقریباً 250 بلین ڈالر کے مساوی قرضے جاری کر چکا ہے اور اس وقت اس کے تصرف میں 385 بلین ڈالر کا سرمایہ موجود ہے۔
اس بات کا امکان ہے کہ جرمن تجویز امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہونے والے جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں زیر بحث لائی جا سکتی ہے۔ یورپ کے مالیاتی نظام کے دفاع کے لیے ایک ٹریلین ڈالر (آٹھ سو بلین یورو) کے مساوی رقم اکھٹی کرنے کی تجویز بھی پیش کی جا چکی ہے۔ اگر عالمی مالیاتی ادارے کے لیے ایک ٹریلین ڈالر کے خزانے کا ہدف طے ہو جاتا ہے تو یہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہو گا اور اس سے کاروباری حلقوں کے اعتماد میں اضافہ بھی ممکن ہے۔
بنڈس بینک کے اعدادوشمار کے اجراء کے پہلو میں جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے نے ایسے خدشات کو مسترد کر دیا ہے کہ یورو زون کے ایک اور ملک اسپین کو بھی مستقبل قریب میں بیل آؤٹ پیکج کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہسپانوی حکومت کو مالیاتی منڈیوں کا اعتماد جیتنے کے لیے بھرپور محنت کی ضرورت ہے۔ جرمن وزیر خزانہ نے اسپین کی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے بچتی اقدامات کی تعریف کی ہے۔ شوئبلے نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے لیے مزید چار سو بلین ڈالر کے فنڈ کے اضافے کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔
ah/hk (AP, Reuters)