جرمنی کے عجیب و غریب میلے اور تہوار
براعظم یورپ اور دنیا بھر میں جرمنی کے میوزک کنسرٹ، میلے اور فیسٹیولز غیر معمولی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کے علاوہ جرمنی میں ایسے فیسٹیولز کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے جو یقینی طور پر میلوں کی قدیمی روایت سے ہٹ کر ہیں۔
قدیمی دور کے سورماؤں کا فیسٹیول
کلیٹن بیرگ ٹورنامنٹ سارے جرمنی میں شہرت رکھتا ہے۔ اِس کی شروعات سن 1979 میں ہوئی۔ اِس کا اہتمام جرمن صوبے باویریا کے شہر میونخ کے مشرق میں واقع ایک تیرہویں صدی میں تعمیر ہونے والے قلعے میں کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں اپنی طرز کا یہ سب بڑا ٹورنامنٹ قرار دیا جاتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 14 جولائی سے شروع ہو کر 30 جولائی تک جاری رہے گا۔
روہر پیانو فیسٹیول
روہر فیسٹیول میں مختلف الاقسام انسٹھ ایونٹس ہوتے ہیں۔ ان میں کنسرٹس، ورکشاپس اور تعلیم و تریت کے سلسلے بھی شامل ہوتے ہیں۔ اس میلے کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ فیسٹیول میں نوجوان پیانو بجانے والوں کو اسٹار بننے کا موقع ملتا ہے۔ اس میلے کا باقاعدگی سے انعقاد سن 1988 سے کیا جا رہا ہے۔ اس فیسٹیول کو دیکھنے پچاس ہزار تک لوگ آتے ہیں۔ رواں برس یہ پانچ مئی سے شروع ہو کر بیس جون کو ختم ہوا تھا۔
کولون کی آتش بازی
جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں رواں برس کی موسم گرما کی تعطیلات کے موقع پر کولون کی سالانہ عظیم الشان آتش بازی پندرہ جولائی کو ہو گی۔ اس آتش بازی کا خاص پہلو فضا میں آنکھیں خیرہ کرنے والی آتش بازی کے ساتھ موسیقی کا ملاپ ہے۔ اس آتش بازی سے دریائے رائن اور گوتھک طرزِ تعمیر کا بلند و بالا گرجا گھر کولون ڈوم بھی چمک اٹھتے ہیں۔
ریڈیفِن اسٹالین پریڈ
ہر سال ہزاروں لوگ نسلی افزائش کے لیے استعمال کیے جانے والے گھوڑوں ’اسٹالینز‘ کی نمائش کو دیکھنے ریڈیفِن کے مقام پر جمع ہوتے ہیں۔ خوبصورت گھوڑوں کی یہ پریڈ سن 1935 میں شروع کی گئی تھی۔ زیادہ تر گھوڑوں کا تعلق جرمن صوبے میکلینبرگ کے شہر ریڈیفِن کے حکومتی نگرانی میں چلنے واے اسٹڈ فارم سے ہوتا ہے۔ نوجوان اور صحت مند گھوڑوں کا یہ خاص میلہ دس ستمبر سے مسلسل تین اتوار کے ایام پر منعقد کیا جاتا ہے۔
جھیل ٹیگیرن کا ماؤنٹین فلم فیسٹیول
ٹیگیرن جھیل کے خوبصورت اور طلسماتی ماحول میں منعقد کیے جانے والے فلم فیسٹیول میں ہزاروں شائقین شریک ہوتے ہیں۔ یہ فیسٹیول اٹھارہ سے بائیس اکتوبر تک جاری رہے گا اور یہ اس کے انعقاد کا مسلسل پانچواں برس ہے۔ اس میلے میں پیش کی جانے والی فلموں کا مرکز و محور مختلف پہاڑ ہوتے ہیں۔ دستاویزی اور فیچر فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جاتی ہیں۔
اسٹوئرٹے بیکر فیسٹیول
جرمنی کے مشرقی حصے کے سمندری علاقے میں واقع جزیرے رُوئگن کے اوپن ایئر تھیئٹر میں اس فیسٹیول کو منعقد کیا جاتا ہے۔ اس میلے کا موضوع جرمن قزاقوں کے حوالے سے ہے۔ اس فیسٹیول کا نام جرمن رابن ہُڈ سمجھے جانے والے کلاؤس اسٹوئرٹے بیکر کے نام پر ہے، جو ایک سمندری قزاق تھا۔ یہ فیسٹیول چوبیس جون سے شروع ہو گیا ہے اور اختتام نو ستمبر کو ہو گا۔
ہیمبرگ کے سیاحتی بحری جہازوں کے ایام
ہیمبرگ میں چھ بڑے سیاحتی جہازوں پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اپنی نوعیت کا یہ سہ روزہ منفرد میلہ آٹھ ستمبر سے شروع ہو گا۔ تین ایام تک چھ بڑے بحری جہازوں کے ہمراہ چوبیس چھوٹے بحری جہاز بھی سیاحوں اور شائقین کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔ رات کے وقت ہیمبرگ کا بندرگاہی علاقہ نیلی روشنی میں نہایا ہوتا ہے۔
ہاربُورفرنٹ لٹریچر فیسٹیول
جرمنی کے شمالی بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں تیرہ ستمبر سے پندرہ اکتوبر تک یہ ادبی میلہ منعقد کیا جاتا ہے۔ اس میلے میں جرمن اور غیرملکی ادیبوں کے لیے 79 مختلف ایونٹس شیڈیول کیے جاتے ہیں۔ یہ ادیب اس میلے میں اپنے فنی نثر پارے اور شعری تخلیقات شائقین کے لیے پڑھتے ہیں اور یہی اس کا حسن ہے۔
انٹرنیشنل پَگ فیسٹیول
جرمن دارالحکومت برلن کے نواح میں آٹھواں بین الاقوامی پَگ فیسٹیول رواں برس انیس اگست کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میلے کا خاص پہلُو کتوں کی اِس ایک خاص نسل پَگ کی ریس کو قرار دیا جاتا ہے۔