جرمنی: 8 منٹ بس اسٹاپ پر آرام کرنے پر بوڑھے شخص کو جرمانہ
27 نومبر 2017ڈوسلڈورف کے ایک بس اسٹاپ پر لگے بنچ پر آرام کرنے والے اس پچاسی سالہ بوڑھے شخص کو یادداشت کی کمزوری کا مرض بھی لاحق ہے۔
جرمنی: ’نازی سیلوٹ‘ کرنے پر دو چینی سیاح گرفتار
اس بوڑھے جرمن شہری کے ایک دوست نے مقامی اخبار کو بتایا کہ وہ ہر روز اپنے پندرہ سالہ کتے کو لے کر اس سڑک پر چلتا ہے۔ جس دن اسے حکام نے پینتیس یورو جرمانہ کیے جانے کا نوٹس جاری کیا، اس دن وہ شخص آٹھ منٹ تک بس اسٹاپ پر نصب بنچ پر بیٹھا رہا تھا۔
ڈوسلڈورف حکام کی جانب سے جاری کردہ جرمانے کے نوٹس میں لکھا گیا، ’’آپ نے متعلقہ جگہ پر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے لیے بنائی گئی سہولت کو اس کے مقصد کے لیے نہیں بلکہ اسے آرام گاہ کے طور پر استعمال کیا۔‘‘
یہ نوٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور کئی جرمن شہری حکام کی جانب سے جرمانہ کیے جانے کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر شہر کی انتظامیہ نے بھی اپنے ایک بیان میں اس نوٹس کے بارے میں تحقیق کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اگر جرمانے کا فیصلہ غلط ہوا تو یقینی طور پر اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔
شہری انتظامیہ کی ترجمان نے ایک مقامی اخبار کو بتایا، ’’اگر تو پبلک ٹرانسپورٹ کے اہلکاروں نے ایک بے گھر شخص کو بنچ پر آرام کرنے کے باعث جرمانہ کیا ہے، پھر یہ ٹھیک ہے۔ لیکن اگر وہ صرف کچھ دیر آرام کر رہا تھا، تو پھر جرمانہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘
خاتون ترجمان نے تاہم یہ بھی واضح کیا کہ بس اسٹاپ پر بنائی گئی نشستیں مسافروں کے لیے بہرصورت دستیاب رہنی چاہییں۔