1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن امن انعام بیلا روس کی مصنفہ کے نام

آیا باخ/ کشور مصطفیٰ14 اکتوبر 2013

امسالہ فرینکفرٹ عالمی کتب میلہ جرمن بُک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے امن انعام کی تقریب تقسیم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس بار اس کی حقدار بیلاروس کی ایک معروف مصنفہ سویتلانا الکسی وچ قرار پائیں۔

https://p.dw.com/p/19z8r
تصویر: Daniel Roland/AFP/Getty Images

الکسی وچ کی زندگی کا مقصد صرف اور صرف مطالعہ رہا ہے۔ وہ اُس نسل سے تعلق رکھتی ہیں جس کی تربیت میں کتابوں کا بڑا عمل دخل رہا ہے۔ یہ انہوں نے خود ایک بار اپنی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا۔ الکسی وچ کی زندگی کا عکس اُن کی تازہ ترین کتاب ’سیکنڈ ہینڈ سائیٹ‘ یا ’سیکنڈ ہینڈ وقت‘ میں نظر آتا ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے ایسے انسانوں کی حالات زندگی بیان کیے ہیں، جن کے خواب شکست و ریخت سے عبارت سابق سوویت یونین کے خاتمے کے ساتھ ہی چکنا چور ہوئے اور یوں اُن کی زندگیاں بھی ریزہ ریزہ ہو گئیں۔ الکسی کی نسل سے تعلق رکھنے والوں کے لیے کتابوں کی کیا اہمیت تھی، اس کا اندازہ مغربی معاشروں میں کم ہی انسانوں کو ہو سکتا ہے۔ الکسی اُس وقت کو یاد کرتی ہیں، جب اُن کے معاشرے میں کتابوں کا مطالعہ روز مرہ زندگی کا ایک اہم ترین جزو ہوا کرتا تھا۔ جب معروف شعراء کے بارے میں بحث و مباحثے کھانے کی میز پر ہوا کرتے تھے۔ باورچی خانوں میں کھانا پکانے کے دوران لوگوں کے ہاتھوں میں ناول ہوا کرتے تھے۔ سویتلانا الکسی وچ نہایت دُکھ کے ساتھ اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہیں کہ وہ دور سوویت یونین کے خاتمے کے ساتھ ہی ختم ہو گیا:’اب الفاظ کی کوئی قیمت باقی نہیں رہی ہے‘۔

Frankfurter Messe 10.10.2013 Polen Ewa Wojciechowska
اس بار ان تقاریب کی تعداد ساڑھے تین ہزار تھی، قریب 700 روزانہتصویر: DW/B. Coellen

کتاب میلے میں شائقین کی ریکارڈ شرکت

فرینکفرٹ کتاب میلے میں شائقین کی تعداد دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ میلے کی کشش ادب سے کوئی شغف نہ رکھنے والے افراد کو بھی اپنی جانب کھینچ لاتی ہے۔ اس بار اس عالمی کتب میلے کے دوران مختلف تقاریب اور پروگراموں کی تعداد نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اس بار ان تقاریب کی تعداد ساڑھے تین ہزار تھی، قریب 700 روزانہ۔ ان رنگا رنگ پروگراموں سے محظوظ ہونے والے شائقین کے لیے کافی سے زیادہ مواقع میسر تھے، کتب میلے کے بُخار میں مبتلا ہونے کے۔

اس بار کے میلے کی ایک خاص بات گول گیند کی شکل کے وہ خیمے تھے، جن میں بچوں اور نوجوانوں کے ادب کے شہ پارے رکھے گئے تھے۔ ان میں بچوں اور نوجوانوں کی دلچسپی کی حامل تصنیفات پڑھ کرسنائی جا رہی تھیں اور میلے کے آخری روز تک ان خیموں کے باہر لمبی قطاروں میں لگے افراد ان پروگراموں سے لطف اندوز ہونے کے متمنی نظر آ رہے تھے۔

Frankfurter Buchmesse 2013 Kinder im Kids Bubble
ہر کس کی دلچسپی سے متعلق پروگرام پیش کیے گئےتصویر: Frankfurter Buchmesse/M.Jacquemin

امن انعام کی تقریب کتاب میلے کا نقطہ عروج

فرینکفرٹ کتب میلے میں ایک طرف تو ہر سال ادب کی دنیا کے نئے رجحانات اور خیالات کو نت نئے انداز سے پیش کیا جاتا ہے، دوسری جانب اس عالمی میلے کا اختتام جرمن بُک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے امن انعام کی تقریب تقسیم سے ہوتا ہے۔ یہ سلسلہ 1950ء سے شروع ہوا۔ تب سے ہر سال یہ انعام حاصل کرنے والی اہم ادبی شخصیت اس موقع پر ایک تقریر کرتی ہے۔ اس کے علاوہ مفکرین، ادباء اور دانشوروں کے لیے یہ ایک اہم موقع ہوتا ہے ایک دوسرے کے ساتھ اور اس انعام کو حاصل کرنے والی شخصیات کے ساتھ نزاعی بحث و مباحثے کا۔ ان مباحثوں میں جرات مندانہ ببانات بھی سامنے آتے ہیں۔

الکسی وچ ایک صحافی اور مصنفہ کی حیثیت سےنہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارہا سویت یونین کی تاریخ کی دکھتی رگوں کو چھیڑ چُکی ہیں۔ ان کی پیدائش 1948ء میں یوکرائن میں ہوئی۔ انہوں نے بیلاروس میں پرورش پائی، ایک ایسے ملک میں، جس کی تاریخ تباہی و بربادی اورآبادی میں مسلسل کمی کا شکار رہی ہے۔ دوسری عالمی جنگ میں ایک تہائی آبادی ختم ہو چُکی تھی۔ سویتلانا الکسی وچ کو امسالہ امن انعام دیتے ہوئے جرمن مؤرخ کارل شلوگل نے اپنی تقریر میں کہا، "موت کی جغرافیہ نگاری اور بقا کی جدوجہد سے الکسی وچ بخوبی واقف ہیں" اور الکسی وچ نے بحیثیت مصنفہ اپنی تخلیقات کا تعین بھی اسی پس منظر میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا، "میں نے پانج کتابیں لکھیں، تاہم بنیادی طور پر گزشتہ چار دہائیوں سے میں ایک ہی کتاب لکھ رہی ہوں، روسی، سویت یونین کی تاریخ: انقلاب، گولاگ، جنگ، چرنوبل۔۔۔ سُرخ سلطنت کا زوال" ۔

Bild 5 polnischer Stand auf der Franklfurter Buchmesse Bild: 10.10.13 Frankfurter Messe
فرینکفرٹ کتاب میلے میں دنیا بھر سے شائقین اور نمائش کنددگان حصہ لیتے ہیںتصویر: DW/B. Coellen

گزشتہ روز یعنی اتوار کو فرینکفرٹ عالمی کتب میلے کی اس سال کی تقریبات کے اختتام پر سینٹ پاؤل چرچ میں جرمن امن انعام کی تقریب تقسیم کے موقع پر انعام حاصل کرنے والی مصنفہ سویتلانا الکسی وچ کی تقریر نے تمام سننے والوں کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔ اُدھر اشاعت گھروں کے مالکان اور کتابوں کی تجارت کرنے والے افراد نے اس سال کے عالمی میلے کا مثبت میزانیہ پیش کرتے ہوئے فرینکفرٹ کتب میلے کی انفرادیت اور اہمیت پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔