جرمن بامبی ایوارڈز سن 2009
27 نومبر 2009امسالہ بامبی ایوارڈز کی تقریب تقسیم انعامات میں بہترین اداکار کا ایوارڈ آسٹرین اداکارChristoph Walz کو 'Inglourious Basterds' نامی فلم میں ان کی بے مثال اداکاری کے اعتراف میں دیا گیا۔
جرمن شہر پوٹسڈام میں یہ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے برطانوی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے کہا کہ دو سال قبل وہ ’دی ریڈر‘ کی شوٹنگ کے لئے جرمنی میں تھیں، اور اس دوران انہوں نے یہاں بہت انجوائے کیا تھا۔ اسی لئے ان ایوارڈز کی تقریب میں شرکت میں آنے سے قبل ہی وہ بہت خوش تھیں۔
اس تقریب تقسیم انعامات میں شامل قریبا 800 افراد سے مخاطب ہوتے ہوئے کیٹ ونسلیٹ نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی جرمنی آنے کے بہانے تلاش کرتی رہیں گی، کیونکہ ان کے لئے یہ ایک بڑی خاص بات ہے۔
فلم ’دی ریڈر‘ میں نازی فوج میں ایس ایس دستوں کی ایک گارڈ کا کردار ادا کرنے والی ونسلیٹ نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔
جرمنی کے اکسٹھویں بین الاقوامی ٹیلی وژن اور میڈیا ایوارڈز یعنی بامبی انعامات جرمنی میں ایمی ایوارڈز کے برابر ہیں۔ یہ ایوارڈز فلم ، ٹیلی وژن، موسیقی، کھیل اور اسی طرح دیگر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دئے جاتے ہیں۔
فلم ’دی ریڈر‘ جرمن ناول نگار Bernhard Schlink کے ناول پر بنائی گئی ہے۔ سن 1995 میں شائع ہونے والے اس ناول میں ہولو کوسٹ کی یاد تازہ کی گئی ہے۔
اس سال بامبی ایوارڈز جرمن فیشن ڈیزائنر وولف گانگ ژوپ، کولمبیا کی گلوکارہ شاکیرہ اور جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کے جنرل مینیجر Uli Hoeness کو بھی دئے گئے۔
اس کے علاوہ جرمن اتحاد کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر سابق وفاقی چانسلر ہیلموٹ کوہل کو ملینیئم بامبی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک