جرمن خصوصی نمائندے کی مُلا برادر سے ملاقات
2 مئی 2019جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے قطر میں طالبان کے ترجمان محمد سہیل شاہین کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغانستان کے لیے جرمنی کے لیے خصوصی نمائندے مارکُس پوٹزل نے طالبان کے نائب رہنما مُلا غنی برادر سے ملاقات کی ہے۔
سہیل شاہین کے مطابق بدھ یکم مئی کو ہونے والی اس ملاقات میں افغان تنازعے کے حل اور امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات پر بات ہوئی۔ بیان کے مطابق اس دوران افغانستان میں سویلین ہلاکتوں سے بچنے پر بھی بات ہوئی۔ شاہین کے مطابق پوٹزل نے امن کی بحالی جرمن تعاون اور اس کے لیے جرمنی کے مثبت کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
طالبان کی طرف سے جاری ہونے والے اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امن سے افغانستان کو فائدہ ہو گا، خطے کو فائدہ ہو گا اور پوری دنیا کو فائدہ ہو گا۔‘‘
مارکُس پوٹزل قبل ازیں 2014ء سے 2016ء کے درمیان افغانستان میں جرمنی کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا چھٹا دور بدھ یکم مئی سے ہی شروع ہوا ہے۔ دوحہ میں ہی ہونے والے ان مذاکرات کا مقصد افغان تنازعے کا ایک سیاسی حل تلاش کرنے کی کوشش کرنا ہے تاکہ گزشتہ 17 برس سے جاری جنگ کا خاتمہ ہو سکے۔ امریکی فوج کی کسی غیر ملک میں یہ سب سے طویل جنگی مہم بن چکی ہے۔
ا ب ا / ک م (ڈی پی اے)